Wednesday , January 24 2018
Home / ہندوستان / خواتین کے بارے میں منفی تاثرکے ازالہ کیلئے سماج کی جدوجہد ضروری: صدرجمہوریہ

خواتین کے بارے میں منفی تاثرکے ازالہ کیلئے سماج کی جدوجہد ضروری: صدرجمہوریہ

نئی دہلی 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہاکہ سماج کو خواتین کے بارے میں منفی تاثر تبدیل کرنے کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے۔ اِنھیں ایک محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنا چاہئے تاکہ وہ قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ادا کرسکیں۔ بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں پرنب مکرجی نے عوام سے خواہش کی کہ وہ خواتین کے تحفظ اور اُن کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی کوششیں دوگنی کردیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ ہمارے ملک کے تمام علاقوں میں مقیم خواتین کے لئے اپنی گرم جوش مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔ اُن کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ اُنھوں نے ہماری عظیم قوم کی تعمیر میں قابل قدر حصہ ادا کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستانی خواتین صدیوں سے سیاسی، تعلیمی اور روحانی شعبوں میں باعظمت مقام حاصل کرتی آئی ہیں۔ اُنھیں قدیم ہندوستان میں عوامی زندگی میں آزادی اور مساوی شراکت داری حاصل تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ دستور ہند میں صنفی مساوات کا اُصول درج ہے۔ نہ صرف دستور خواتین کو مساوات عطا کرتا ہے بلکہ مملکت بھی ایسے اقدامات کرتی ہے جن سے خواتین کے خلاف تعصب کا خاتمہ ہو اور اُن سے مثبت انداز میں سلوک کیا جائے۔ صدرجمہوریہ نے کہاکہ خواتین کی بااختیاری کو نہ صرف ہماری بھرپور کوششوں کے ذریعہ نافذ کیا جانا چاہئے بلکہ صنفی مساوات کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئے۔ خواتین کی قوم کی تعمیر میں بھرپور شراکت داری کی تحریک دینے کے لئے اہم اقدامات ضروری ہے۔ راشٹراپتی بھون سے جاری کردہ بیان میں صدرجمہوریہ نے کہاکہ ہم بحیثیت ایک سماج خواتین کے بارے میں منفی تاثرات تبدیل کرنے کیلئے جدوجہد کرنے کے پابند ہیں۔ خواتین کو ایک محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جانا چاہئے جس میں وہ اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کرسکیں اور قوم کی تعمیر میں بھرپور حصہ ادا کرسکیں۔ بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ خواتین کی فلاح و بہبود اور اُن کے تحفظ کی ہماری کوششوں کو دوگنا کردیا جائے گا۔ یوم بین الاقوامی خواتین کے موقع پر ہمارے سماج کے ہر رکن کو خواتین کے لئے اعلیٰ ترین احترام کی عادت پیدا کرنا چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT