خواتین کے تعلق سے روایتی ذہن بدلنے کی ضرورت :سشما

نئی دہلی8مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) خواتین پر تشدد اور ان کے ساتھ زیادتیوں پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیرخارجہ سشما سوراج نے آج کہا کہ بین اقوامی یوم خواتین کے موقع پر پوری قوم کو عہد کرنا چاہیے کہ وہ خواتین کے تعلق سے اپنا ذہن بدل کرہیں گے ۔معاشرے میں خواتین کی کردار کی ستائش پر راجیہ سبھا میں بحث کی تکمیل کرتے ہوئے محترمہ سوراج نے خواتین بل کو قانون میں بدلنے کی وکالت کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ہندوستان میں کسی ریزرویشن کے بغیر بھی خواتین نے ترقی حاصل کی ہے ۔ محترمہ سوراج نے کہا کہ میں نے خواتین کے لئے ریزرویشن بل کی منظوری کی ہمیشہ تائید کی ہے باوجودیکہ میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ ریزرویشن کے بغیر بھی ہندوستانی خواتین نے ترقی کی ہے ۔ صدر جمہوریہ ، وزیراعظم ، اسپیکر اور وزرائے اعلیٰ کے عہدے پر خوتین فائز ہوئی ہیں۔ کئی بڑی سیاسی پارٹیوں کی سربراہی بھی عورتوں کے حصے میں آئی ہے ۔اس موقع پر محترمہ سوراج نے یوم جمہوریہ پریڈ کے دوران بی ایس ایف کی خواتین کے بائک اسٹنٹ کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ اس سال 26جنوری سے پہلے تک اس کرتب میں مرد ہی دیکھے گئے تھے ۔ محترمہ نے کہا کہ ان سب کے باوجود ملک میں خواتین کے ساتھ زیادتیاں اور تشدد شرمناک ہیں۔

TOPPOPULARRECENT