Saturday , December 15 2018

خود ساختہ نکسلائیٹس گرفتار

محبوب نگر۔/15اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اپنے آپ کو نکسلائیٹس ظاہر کرکے ڈرانے دھمکانے والے تین نقلی نکسلائیٹس کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ایس پی ڈی ناگیندر کمار نے بتایا پبیر منڈل کے ٹائی پامولا کا متوطن اے وینکٹیش، ورنگل ضلع کے سیتا رام پور کا رہنے والا سومیا اور اسی موضع کا محمد قاسم ( ڈرائیور ) نے ایک گروپ بناتے ہوئے پیسے بٹورنے کا منصوبہ بنایا۔ نقلی نکسلائیٹس کے بھیس میں ایک سم کارڈ کے ذریعہ فون پر دھماتے ہوئے رقومات کا مطالبہ کررہے تھے۔ کوتہ کوٹہ منڈل کے پاما پور میں واقع نیو سائی اسٹون کریشر کے منیجر نرسمہا کو دوشنبہ کی رات نقلی ریوالور سے دھمکاتے ہوئے 3لاکھ کی رقم کا مطالبہ کیا ورنہ جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ منیجر نے منگل کے دن رقم دینے کا وعدہ کرکے پولیس کو مطلع کیا۔پولیس نے وقت مقررہ پر پہنچ کر تینوں نقلی نکسلائیٹس کو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضہ سے نقلی ریوالور، تیزدھاری چاقو اور کلہاڑی ضبط کرلی۔ ان تینوں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ریمانڈ کردیا۔ ضلع ایس پی نے بتایا کہ اب ضلع نکسلائیٹس سے پاک ہوچکا ہے۔ اگر کوئی نکسلائیٹس کے نام سے دھمکاتا ہے تو فوری پولیس کو اس کی اطلاع دیں۔ ایس پی نے ایس آئی جتیندر ریڈی، اسٹاف رجنی بابو، رحیم اور اشوک کمار کو نقد انعام سے نوازا۔ اس موقع پر اے ایس پی ملا ریڈی، ڈی ایس پی کے مورتی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔

نالہ میں گر کر فوت
کلواکرتی۔/15اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی مستقر پر سبھاش نگرعلاقہ میں ایک شخص نالہ میں گرکر فوت ہوگیا۔سب انسپکٹر ویرا بابو کی اطلاع کے بموجب محلہ کے لوگوں نے فون کرکے کسی شخص کے نالہ میں گرکر فوت ہونے کی اطلاع دی جس پر معلوم ہوا کہ یہ شخص نشہ کی حالت میں تھا ۔کشٹیا کوناپور گاؤں کارہنے والا تھا۔ بعد پنچنامہ نعش کو دواخانہ منتقل کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT