Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / خود سوزی کرنے والے ایوب خاں کی دو لڑکیوں کو ملازمت

خود سوزی کرنے والے ایوب خاں کی دو لڑکیوں کو ملازمت

ڈپٹی چیف منسٹر کا جذبہ انسانی ہمدردی

پارٹی سے 10لاکھ اور وزیر ٹرانسپورٹ نے لواحقین کی 20 لاکھ کی مدد کا وعدہ کیا
حیدرآباد۔/7اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے انسانی ہمدردی کی بہترین مثال قائم کرکے تانڈور کے ٹی آر ایس قائد ایوب خاں مرحوم کی 2 لڑکیوں کو سرکاری اداروں میں روزگار فراہم کیا ہے۔ اسکے علاوہ مزید 2 لڑکیوں کیلئے اپنے جیب خاص سے فی کس ایک لاکھ روپئے فکسڈ ڈپازٹ کئے۔ واضح رہے کہ تانڈور سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس قائد ایوب خاں نے حالیہ عرصہ میں پارٹی میں عہدوں کیلئے نظرانداز کئے جانے سے دلبرداشتہ ہوکر وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی کے جلسہ میں اقدام خود سوزی کیا تھا۔ بعد میں وہ علاج کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ ایوب خاں کے خاندان کی معاشی حالت کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے انہیں بازآبادکرنے کا بیڑہ اٹھایا۔ ان کی بڑی لڑکی جو ایم کام ہے اُسے تانڈور کے اقلیتی اقامتی گرلز اسکول میں وارڈن کی ملازمت فراہم کی گئی جبکہ دوسری لڑکی جو گریجویٹ ہے اُسے کسی اور محکمہ میں ملازمت دی جائیگی۔ اس سلسلہ میں ضلع کلکٹر کو ہدایت دی گئی اور انہوں نے ریونیو یا کسی اور محکمہ میں ملازمت کا موقع فراہم کرنے سے اتفاق کرلیا۔ دونوں چھوٹی لڑکیوں کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر نے اپنی جانب سے فی کس ایک لاکھ روپئے فراہم کئے اور انہیں فکسڈ ڈپازٹ کروایا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی کی جانب سے 10 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی اپنے طور پر 20 لاکھ روپئے کی مدد کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر توقع ہے کہ منگل کے دن وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کے ہاتھوں پارٹی کی 10 لاکھ روپئے کی امداد کا چیک ایوب خاں کی بیوہ اور بچوں کے حوالے کریں گے۔ متعلقہ رکن پارلیمنٹ ویشویشور ریڈی نے بھی اس غریب خاندان کی امداد کا محمود علی کو تیقن دیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ علاج کے دوران حکومت کی جانب سے تقریباً 18 لاکھ روپئے کا انتظام کیا گیا اور ایوب خاں کے خاندان پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی نمائندگی پر چیف منسٹر نے مفت علاج کی ہدایت دی تھی اور تمام اخراجات سرکاری خزانہ سے ادا کئے گئے۔ محمود علی نے کہا کہ ایوب خاں کے خاندان کو ڈبل بیڈ روم مکان فراہم کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے اس انسانی جذبہ کی پارٹی حلقوں میں زبردست ستائش کی جارہی ہے اور ایوب خاں کے ارکان خاندان اُن کیلئے دعا گو ہیں۔

TOPPOPULARRECENT