Saturday , December 16 2017
Home / Top Stories / خوفِ خدا کے جذبہ سے طئے ہونے والے رشتے پائیدار

خوفِ خدا کے جذبہ سے طئے ہونے والے رشتے پائیدار

ادارہ ٔسیاست کی تحریک سے مسلم معاشرہ کے انداز ِفکر میں مثبت تبدیلی، دوبہ دو پروگرام سے جناب محمد جلال الدین اکبر، سید افتخار حسین، عابد صدیقی کا خطاب
حیدرآباد۔ 13 ؍ نومبر (دکن نیوز) جناب محمد جلال الدین اکبر کنزویٹر محکمہ جنگلات نے آج مسلم والدین سے کہاکہ وہ اپنے بچوں کے رشتے طئے کرنے کے سلسلہ میں اسلامی احکامات کو معیار بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے رشتوں کے انتخاب ‘ نکاح‘ ولیمہ اور دیگر معاملات میں مسلمانوں کی رہبری اور رہنمائی کی ہے ۔ لیکن ہم اپنے معاملات زندگی میں اسلامی تعلیمات کو یکسر نظرانداز کر رہے ہیں جس کی بناء پر ہماری زندگی بے شمار مسائل سے دو چار ہوگئی ہے ۔  جناب جلال الدین اکبرنے اپمیرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں ادارہ سیاست اور میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام  منعقدہ 68 ویں دو بہ دو ملاقات پروگرام  کو بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور ایم ڈی ایف نے معاشرہ کے ایک اہم مسئلہ کو حل کرنے کے لئے موثر تحریک چلائی ہے  جس سے سینکڑوں رشتے طئے ہو رہے ہیں ۔ اور مسلمانوں کے انداز فکر میں بھی تبدیلی   آ رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شادیاں طئے کرنے کے سلسلہ میں لڑکوں اور لڑکیوں کے ماں باپ کی نیتوں میں اخلاص اور خوف خدا کا جذبہ ہونا چاہئے ۔ جناب اکبر نے کہا کہ مسلم شادیوں میں قیمتی ملبوسات زیورات اور دعوتوں میں 22 ڈشس کا اہتمام اسلامی تعلیمات کے عین برعکس ہے ۔ اس سلسلہ میں ملت کے سنجیدہ اور دردمند افراد  کو کوئی لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا ۔ جناب ای اسماعیل سابق رکن انسانی حقوق کمیشن نے مسلم معاشرہ میں طلاق اور خلع کے واقعات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ فریقین کی جانب سے معمولی باتوں پر ازدواجی رشتہ توڑنے کا فیصلہ نہ صرف اللہ اور اس کے رسولؐ کو ناپسند ہے بلکہ اس سے معاشرہ کے اندر بھی تباہیاں پیدا ہو رہی ہیں ۔  اس صورت حال سے رشتے ٹوٹ رہے ہیں اور خاندانی نظام بکھر رہا ہے۔  جناب سید افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ جناب عابد صدیقی صدر میناریٹی ڈیولپمنٹ فورم نے کہاکہ ملک کے موجودہ مالی بحران سے متاثر ہونے کے باوجود 68 ویں دو بہ دو ملاقات پروگرام  میں والدین کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کے سلسلہ میں کس قدر پریشان اور فکرمند ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ وہی رشتے پائیدار ہوتے ہیں جو احکامات ِالہٰی کی اساس پر قائم کئے جاتے ہیں ۔ جناب  عابد صدیقی نے اپنی صدارتی تقریر میں والدین کو انتباہ دیا کہ ملک کے موجودہ حالات کو محسوس کریں کیونکہ بعض گوشوں کی جانب سے شریعت میں مداخلت کی سازش رچی جا رہی ہیں اگر یہ صورت حال برقرار رہے تو شاید مستقبل میں مسلم شادیوں میں بھی حکومت اپنا رول ادا کرنے کے لئے آگے آئے گی ۔ جناب سید الیاس باشاہ کی قرات کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔ جناب احمد صدیقی مکیش نے بارگاہ رسالت مآب  میں ہدیہ نعت پیش کی ۔ جناب الیاس باشاہ نے پروگرام کی کارروائی چلائی ۔ اس پروگرام میں تقریباً 300 سے زائد والدین اور سرپرستوں نے شرکت کی جن میں  اضلاع نظام آباد ‘ ورنگل ‘ محبوب نگر ‘ رنگاریڈی ‘ کریمنگر سے آئے ہوئے والدین بھی شامل تھے ۔  دوبہ دو پروگرام میں لڑکوں کے 74 اور لڑکیوں 87  رجسٹریشن ہوئے  ہیں ۔ دوبہ دو پروگرام میں جناب نوید حامد رکن قومی یکجہتی کونسل حکومت ہند ‘ حافظ راشد  احمد چودھری سینئر ایڈوکیٹ گوہائی آسام ‘ جناب عظمت  اللہ خان سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ‘ جناب ساجد پیرزادہ ‘ جناب عثمان الہاجری صدر دکن وقف پروٹیکشن سیل ‘ جناب ساجد انصاری ‘ محترمہ ثمینہ ڈائرکٹر ریسیڈنشیل اسکولس حکومت تلنگانہ اور کئی معززین نے  شرکت کی ۔ جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے معزز مہمانوں کو دوبہ دو ملاقات پروگرام کے مقاصد اور دیگر تفصیلات سے واقف کروایا ۔ کئی والدین اور سرپرستوں نے جناب ظہیرالدین علی خان کو 68 ویں دوبہ دو ملاقات پروگرام کی عظیم کامیابی پر مبارکباد دی ۔ دوبہ دو ملاقات پروگرام ۔۔ محترمہ خدیجہ سلطانہ ‘ ڈاکٹر دردانہ ‘ عابدہ بیگم ‘ میر انورالدین ‘ محمد برکت علی ‘ سید ناظم الدین ‘ زبیدہ بیگم ‘ ڈاکٹر سیاست علی ‘ سید الیاس باشاہ ‘ اے اے کے امین ‘ سیدہ محمدی‘ کوثر جہاں ‘ محمد احمد‘ شبانہ نعیم‘ لطیف النساء ‘ رئیس النساء ‘ احمد صدیقی مکیش ‘ ثانیہ ‘ محمد نصراللہ خان اور دوسروں نے کونسلنگ کے فرائض انجام  دیئے ۔ جناب ایم اے قدیر آرگنائزنگ پریسنڈنٹ ایم ڈی ایف نے جملہ  انتظامات کی نگرانی کی ۔ جناب زاہد فاروقی کے زیر نگرانی کمپیوٹر سیکشن میں والدین  کا ہجوم دیکھا گیا ۔ لڑکوں اور لڑکیوں کے والدین نے دوبہ دو پروگرام کے وسیع تر اور موثر انتظامات پر اظہار اطمینان کیا ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے ایس اے ایمپرئیل گاڈرن کے سربراہ جناب محمد معین الدین اور اُن کے اسٹاف و فرزندان کا شکریہ ادا کیا ۔

TOPPOPULARRECENT