Friday , May 25 2018
Home / شہر کی خبریں / خیریت آباد و جوبلی ہلز پر عنقریب زیر زمین کوڑے دان ہونگے

خیریت آباد و جوبلی ہلز پر عنقریب زیر زمین کوڑے دان ہونگے

بلدی اسٹانڈنگ کمیٹی کی منظوری ‘ چارمینار و زو پارک کے پاس تنصیب کیلئے اقدامات کی ہدایت
حیدرآباد 18 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) شہر میں صفائی کو یقینی بنانے اور کچرے کے بہتر مینجمنٹ کیلئے بہت جلد انڈر گراونڈ کوڑے دان کو حقیقت کا روپ دیا جائیگا ۔ جی ایچ ایم سی نے رامکی انوائرو انجینئرس لمیٹیڈ کی سی ایس آر پہل اور کامینینی ہاسپٹلس سے اشتراک کے ذریعہ شہر کے دو مقامات خیریت آباد اور جوبلی ہلز سرکلوں میں انڈر گراونڈ کوڑے دان نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ کام تین مہینوں میں کیا جائیگا ۔ پائلٹ بنیادوں پر پہلے دو مقامات پر ان کوڑے دانوں کی تنصیب عمل میں لائی جائیگی ۔ فی الحال عوامی مقامات پر جو کوڑے دان رکھے گئے ہیں وہ دیکھنے ہی میں گندگی والے معلوم ہوتے ہیں اور ان کے اطراف بھی کچرا جمع رہتا ہے ۔ مجلس بلدیہ کی جانب سے اسی صورتحال کے پیش نظر انڈر گراونڈ کوڑے دان نصب کرنے کے پراجیکٹ پر غور کیا جا رہا ہے ۔ انڈر گروانڈ کوڑے دان سے یہ فائدہ ہوگا کہ اس سے شہر کو صاف رکھنے میں مدد ملے گی اور زمین پر کچرا دکھائی نہیں دے گا ۔ ان زیر زمین کوڑے دانوں کی تنصیب سے بدبو نہیں پھیلی گی اور آوارہ جانور بھی کچرے تک نہیں پہونچ پائیں گے ۔ جی ایچ ایم سی کی اسٹانڈنگ کمیٹی نے اس تجویز کو منظوری دیدی ہے اور عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ چارمینار اور زو پارک کے پاس بھی زیر زمین کوڑے دان کی تنصیب کیلئے اقدامات کریں۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے مطلع کیا کہ پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری کے بعد زیر زمین کوڑے دانوں کے حصول اور ان کی تنصیب اور پھر یہاں کچرے ڈالنے کا عمل شروع ہونے تین ماہ کا وقت درکار ہوگا ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ زیر زمین کوڑے دان ایسے ہونگے جن سے کچرا باہر نہیں گرے گا اور نہ ہی ان سے بدبو باہر آسکے گی ۔ یہ مکمل بند ہونگے اور کچرا ابل کر باہر نہیں آ پائیگا ۔ یہ سارا نظام زیر زمین ہے جس کی وجہ سے اس کو کسی طرح کا نقصان نہیں ہوسکے گا اور نہ ہی اس کو چوری کیا جاسکے گا اور نہ جلایا جاسکے گا ۔ عہدیداروں کے بموجب یہ خصوصی طور پر تیار کردہ کوڑے دان ایسے ہیں جن میں کچرا ڈالنا اسان ہوگا اور عوام اسے بآسانی استعمال کرسکیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT