Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / دائرۃ المعارف کے ملازمین دو ماہ کی تنخواہ سے محروم

دائرۃ المعارف کے ملازمین دو ماہ کی تنخواہ سے محروم

ایمپلائز یونین وفد کی جناب زاہد علی خاں سے ملاقات
مسئلہ کو اعلیٰ عہدیداروں تک پہونچانے ایڈیٹر سیاست کا تیقن
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری (سیاست نیوز) دائرۃ المعارف ایمپلائیز یونین کے قائدین نے گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں سے محرومی کی شکایت کی ہے ۔ یونین کے ایک وفد نے آج دفتر سیاست پہنچ کر جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کی اور اپنے مسائل کو پیش کیا۔ ملازمین کے نمائندوں سید احمد حسین ، عبدالوہاب ، محمد انور ، محمد مشتاق ، محمد رحیم ، عبدالرحمن ، حیات قلندر ، ذکریا غوری ، عظمت النساء ، محمد الیاس ، شرف الدین ، امین الدین ، رئیس الدین ، صبغت اللہ ، احمد پاشاہ اور دوسروں نے گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں سے محرومی کے سبب درپیش مسائل سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے دائرۃ المعارف کے ملازمین کے مسائل کی یکسوئی پر توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ اقلیتی بہبود کے دیگر اداروں میں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہیں ادا کردی جاتی ہیں لیکن دائرۃ المعارف کے ملازمین گزشتہ دو ماہ سے محروم ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ملازمین نے کہا کہ تنخواہوں کی عدم اجرائی کے سبب وہ مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دائرۃ المعارف کی عظمت رفتہ کی برقراری کیلئے وہ سنجیدگی سے خدمات انجام دے رہے ہیں، اس کے باوجود حکومت کی توجہ ان کے مسائل کی سمت نہیں ہے ۔ ملازمین نے حکومت اور بطور خاص ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی سے اپیل کی کہ اس جانب فوری توجہ مبذول کریں اور تنخواہوں کی اجرائی کو یقینی بنائیں۔ جناب زاہد علی خاں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ وہ بھی اعلیٰ حکام تک ملازمین کے مسائل رجوع کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT