Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / داعش اسلام اورمسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن

داعش اسلام اورمسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن

مسلم ممالک اورمسالک کو ان کے خلاف ٹھوس حکمت عملی اپنانے کی ضرورت:پروفیسراخترالواسع
نئی دہلی۔۱۶۔ نومبر ( سیاست ڈاٹ کام )ماہراسلامیات اورمحکمہ لسانی اقلیات حکومت ہندکے کمشنرپروفیسراخترالواسع نے اپنے تازہ بیان میں کہاہے کہ فرانس کی راجدھانی پیرس میں بربریت،بہیمیت اوردرندگی کاجوننگاناچ سامنے آیاہے اس نے ساری دنیا کوجھنجھوڑکررکھ دیاہے۔داعش نے جس طرح اس کی ذمہ داری قبول کی ہے وہ اوربھی زیادہ شرمناک اورقابل مذمت ہے۔انہو ں نے کہاہے کہ اسلام کالبادہ اوڑھ کراورمسلمان ناموں کے ساتھ وحشت اوردہشت کے یہ کاروباری اسلام اورمسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔انسانی جان اوروقارکی پامالی اوربے حرمتی کااسلام سب سے بڑامخالف ہے اورداعش کاہرعمل وفعل آج ساری دنیا کے سامنے اسلام اورمسلمانوں کی شرمساری کاسبب بن رہاہے ۔ پروفیسراخترالواسع کے مطابق مسلمان ناموں والے دہشت گردساری دنیا کاقافیہ توتنگ نہیں کرپارہے ہیں لیکن دنیا بھر میں مسلمانوں کے قدموں تلے زمین کو ضرور تنگ کئے دے رہے ہیں،چنانچہ اسلام اورمسلمان اپنی تاریخ کے ایک ایسے نازک دورسے گذررہے ہیں جب نئے عہد کے خوارج مسلکی عنادوفساد کا سبب بھی بن رہے ہیں اورساری دنیا میں مسلمانوں کو رسواکررہے ہیں۔پروفیسراخترالواسع نے کہاہے کہ اگرچہ یہ امرباعث اطمینان ہے کہ ساری دنیا کے مسلم ممالک اورمسالک نے داعش سے برأ ت کااظہارکیاہے ،ان کی کھل کرمذمت کی ہے لیکن ضرورت ہے کہ اس سے بھی زیادہ مضبوط اورٹھوس اقدامات ان کی بیخ کنی کے لیے کیے جائیں،اس لیے یہ ناگزیرہے کہ جغرافیائی حدبندیوں ،سیاسی مصلحتوں اورمسلکی معتقدات سے اوپر اٹھ کرایک متحدہ حکمت عملی وضع کی جائے ،ایسی مؤثر حکمت عملی جس سے ساری دنیا میں اسلام اورمسلمانوں کے حوالے سے ایک مثبت پیغام جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT