Monday , May 28 2018
Home / مضامین / دبئی کا مشہور میرائیکل گارڈن

دبئی کا مشہور میرائیکل گارڈن

سید نثار مہدی
دبئی دنیا کا ایسا بڑا اور خوبصورت شہر ہے جہاں پر دنیا سے لاکھوں سیلانی اس شہر کا نظارہ کرنے پہنچتے ہیں۔ دبئی کی ترقی دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے، کہیں پر فلک شگاف عمارتیں ہیں تو ہر جگہ خوبصورت پارکس موجود ہیں۔ سیلانیوں کیلئے فیصلہ کرنا مشکل ہوجاتا ہے کہ کونسی چیز پہلے دیکھیں اور کونسی بعد میں دیکھیں۔ ویسے دبئی میں 20 مقامات ایسے ہیں جہاں ٹورسٹ ان مقامات کو دیکھنا پسند کرتے ہیں ۔ ان 20 مشہور مقامات کے نام یہ ہیں۔ (1) برج خلیفہ (2) دبئی مال (3) دبئی میوزیم (4) بستاکیا (اولڈ دبئی) (5) شیخ سعید ال۔مخطوم ہاؤس (6) دبئی کریک (Creek) (7) جمعیرح مسجد (8ڈیرہ (9) شیخ ماید روڈ (10) ہیریٹیج اینڈ ڈائیونگ ولیج (11) دبئی اکویریم (Aquarium) (12) برج ال عرب (13) جمیرا بیچ (14) مال آف دی امارات (15) آئی ایم جی ورلڈس آف اڈونچر (16) دبئی اوپیرا (17) کٹیٹ بیچ (18) السرکل آرٹ ڈسٹرکٹ (19) دبئی پارکس اینڈ ریزورٹس (20 اکوا وینچر واٹر پارک ۔
اس کے علاوہ دبئی میں دنیا کا سب سے بڑا قدرتی پھولوں کا گارڈن جس کا نام “Miracle Garden” ہے دیکھنے کے قابل ہے ۔ میں دنیا کا سب سے بڑا باغ یعنی “Miracle Garden” پر تفصیل سے روشنی ڈالنے جارہا ہوں۔ امید کرتا ہوں کہ آپ کے لئے معلوماتی اور دلچسپ ہوگا ۔ دبئی کا “Miracle Garden” 14 فروری 2013 ء کو کھولا گیا تھا ۔ یہ باغ دنیا کا سب سے بڑا قدرتی خوبصورتی سے بھرا باغ ہے جہاں پر 42 ملین پھول کھلتے ہیں، عوام کی مرکز نظربن گیا ہے ۔ جس پھول کا نام ہم لیں گے وہ ہم کو مل جائے گا ۔ اس Miracle Garden میں ہر رنگ کا پھول جیسے گلابی ، سفید، لال ، نیلا ، ہرا ، پیلا یعنی سبھی رنگوں کے پھول آپ کی نظروں کو چکا چوند کردیں گے۔
یہ باغ 72,000Sqm کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے جہاں پر 45 مختلف رنگوں کے پھول اور مختلف ڈیزائین مثلاً دل ، پرامیڈس، چوکور ڈیزائین اور پرندے پھول میں بنتے نظر آئیں گے۔ ان پھولوں کے مختلف ڈیزائین کو دیکھ کر ہماری عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ اس باغ میں بیٹھ کر ہم ٹھنڈے فوارے کا لطف لیتے ہیں اور اس سے وقت کا پتہ ہی نہیں چلتا۔
پھولوں کی لمبی دیوار : ایک کیلو میٹر پر پھیلی پھولوں کی لمبی دیوار نظروں کو دم بہ خود کردیتی ہیں اور اس وجہ سے اس میرائیکل باغ کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈس میں درج کیا گیا ہے۔ سیاح اپنے کیمرے میں پھولوں کی لمبی دیوار کی فوٹوز کھینچتے نظر آئیں گے ۔ اس باغ میں جدھر دیکھو پھول اپنی رنگینیاں بکھیرتے نظر آئیں گے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاح رات کے وقت میرائیکل گارڈن کا نظارہ کریں تاکہ اس باغ کی رنگینیوں کا مزہ لے سکیں۔ پھولوں سے سبجی مور اور پرانی موٹر کاریں : پھولوں سے بنے مور اور پھولوں سے سجی موٹر کاریں بچوں کے دلوں کو خوب بھاتی ہیں۔ رومانی جوڑا اس باغ میں آکر بالی ووڈ کے منظر کو دہرا سکتا ہے۔ جہاں پر پھولوں سے بھری کیاریاں ہیں تو دوسری طرف پھولوں سے بنا دل آپ کو خوش آمدید کہتا ہے۔ بڑی عمر کے لوگ ٹھنڈے میدان میں بیٹھ سکتے ہیں یا بینچ پر بیٹھ کر مختلف پھولوں کا نظارہ کرسکتے ہیں۔ پھولوں سے بنا جہاز A380 : اس میرائیکل گارڈن میں پھولوں سے جہاز A380 کو بنایا گیا ہے جسے دیکھ کر عقل حیران رہ جاتی ہے جبکہ پھولوں کے اس جہاز کو گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ اس میرائیکل گارڈن کو سب سے بڑا Vertical Garden ہونے پر بھی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔ اس گارڈن میں سیر و تفریح سے نہ صرف ذہنی سکون ملتا ہے بلکہ انسان پھر سے تر و تازہ ہوجاتا ہے اور تھوڑی دیر کیلئے تصوراتی دنیا میں پہنچ جاتا ہے۔
اس میرائیکل گارڈن میں 15 میٹر سائز کی پھولوں سے سجی گھڑی کو بھی رکھا گیا ہے جوکہ نوجوانوں اور بوڑھوں کیلئے دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ اس گھڑی کے میکانیکل پرزوں کو امریکہ میں ڈیزائین کیا گیا ہے۔
میرائیکل گارڈن میں تتلی والا پارک ہے جو کہ 1800sqm کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے ، جہاں پر دس ہزار تتلیاں اڑتی ہوئی نظر آئیں گی۔ اس کے علاوہ اس باغ میں تتلیوں کا میوزیم بھی کھولا گیا ہے جہاں پر رنگین کیڑوں کو رکھا گیا ہے ۔ اس گارڈن میں تمام ملکوں کے ناموں کو پھولوں سے سجی کشتی سے سنوارا گیا ہے اور ہر ایک کی مرکز نگاہ بن گیا ہے ۔ اس باغ میں تمام سہولیات موجود ہیں جیسے کہ عبادت کا کمرہ ، ٹائلٹ اور بیٹھنے کی جگہ رکھی گئی ہے۔ یہاں پر چائے ، کافی ، سافٹ ڈرنگس اور اسنیکس بھی رکھے گئے ہیں ۔ یہاں پر معذور افراد کیلئے گاڑی کا بھی انتظام رکھا گیا ہے۔
صوتی آلودگی سے خراب پانی کو پھر سے استعمال کرنا: اس میرائیکل گارڈن کو ترقی دینے کے لئے آلودہ پانی کو صاف کیا جاتا ہے اور چھوٹی چھوٹی کیاریوں کے ذریعہ صاف پانی کو پودوں تک پہنچایا جاتا ہے ۔ ڈرپ اریگیشن کے ذریعہ پانی کو آہستہ آہستہ پائپ اور ٹیوب کے ذریعہ زمین کی نیچی سطح تک پہنچا یا جاتا ہے ۔ اس طریقہ سے نہ صرف پانی کی بچت ہوتی ہے بلکہ کھاد بھی کم لگتی ہے اور قدرت کا عجوبہ Miracle Garden بھی خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔
جب بھی ہم دبئی کو جائیں تو ضرور میرائیکل گارڈن کو دیکھنا نہ بھولیں۔ اپنے حسین پلوں کو موبائیل کیمرے میں قید کرلیں اس سے نہ صرف حسین یادیں آپ کے ساتھ ہمیشہ رہیں گی بلکہ نہ بھولائے پل آپ کو پھر سے میرائیکل گارڈن کی یاد تازہ کرتی رہیں گی۔

TOPPOPULARRECENT