Sunday , July 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / دراوڑ کیساتھ کروڑہا روپئے کی دھوکہ دہی ، پولیس میں شکایت درج

دراوڑ کیساتھ کروڑہا روپئے کی دھوکہ دہی ، پولیس میں شکایت درج

سائنا نہوال ، پرکاش پڈوکون اور دیگر کھلاڑیوں کی بھی کمپنی میں سرمایہ کاری

بنگلورو۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق ہندوستانی کپتان راہل دراوڑ نے بنگلور کی ایک کمپنی کے خلاف سدا سیو پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے، سابق ہندوستانی کرکٹر نے اپنے شکایت میں دعوی کیا ہے کہ انھوں نے بنگلور کی وکرم انوسٹمینٹ کمپنی میں 20کروڑ روپیوں کی سرمایہ کاری کی تھی جس میں سے کمپنی سے انھیں اب تک 16کروڑ روپئے ہی واپس ملے ہیں اور 4کروڑ روپئے کمپنی نے اب تک ان کو واپس نہیں کئے ہیں ۔ واضح رہے کہ اس کمپنی پر 800 سرمایہ کاروں کے 300کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کا الزام ہے ۔کروڑوں کے اس فرضی کھیل کاخلاصہ 3مارچ کو ہوا جب سرمایہ کار پی آر بالاجی نے کمپنی کے خلاف 11.74کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کا الزام لگاتے ہوئے شکایت درج کرائی تھی کہ اس گھوٹالے کے تعلق سے وکرم انویسٹمنٹ کے ڈائریکٹر راگھویندر سریناتھ کے ساتھ 5 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کمپنی نے 40% سے 50% ریٹرن دینے کا وعدہ کرکے سرمایہ کاروں کو لبھایا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس معاملے میں صرف راہل دراوڈ ہی نہیں ہیں بلکہ ایسی خبریں آرہی ہیں کہ سائنا نہوال اور پرکاش پڈوکون جیسے سرکردہ کھلاڑیوں نے اس کمپنی میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے، لیکن شکایت صرف راہل دراوڑ نے ہی درج کرائی ہے۔ ڈائریکٹروں میں سے ایک سوتارام شریس جو عدالتی حراست میں ہیں، سابق کھیل صحافی رہے ہیں اور اسی کا نتیجہ ہے کہ شریس کے ذریعہ بہت سارے کھلاڑیوں نے ایک خطیر رقم اس کمپنی میں لگائی ہے۔ ڈائریکٹر راگھویندر کی گرفتاری کے بعد کئی افراد سامنے آئے ہیں جنہوں نے کمپنی پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ تقریباً 100 افراد نے کمپنی کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ پولیس نے کورٹ کو بتایا تھا کہ ملزم راگھویندر نے فنڈز کو بیرون ملک منتقل کردیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT