Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / درخواست گذار کی رقم سوخت، قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب

درخواست گذار کی رقم سوخت، قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب

حیدرآباد۔/16جولائی، ( سیاست نیوز) حج قواعد کی خلاف ورزی پر ایک درخواست گذار کی ساری رقم کو سنٹرل حج کمیٹی نے سوخت کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے ایک درخواست گذار نے اس حلف نامہ کے ساتھ درخواست داخل کی کہ وہ حج کمیٹی سے پہلی مرتبہ روانہ ہورہا ہے۔ درخواست کی جانچ کرنے پر پاسپورٹ نمبر کے ذریعہ پتہ چلا کہ 2009 میں وہ حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہوچکے ہیں۔ حج کمیٹی کو غلط حلف نامہ داخل کرتے ہوئے دوبارہ جانے کی کوشش پر حج کمیٹی نے جمع کردہ رقم کو سوخت کرلیا۔ اس درخواست گذار نے عزیزیہ زمرہ کے تحت مکمل رقم داخل کردی تھی تاہم سنٹرل حج کمیٹی کے قواعد کے مطابق اب رقم کی واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 2009 میں مذکورہ شخص نے اپنی والدہ کے ہمراہ حج کیا تھا اور اب اپنی اہلیہ کے ساتھ دوبارہ درخواست داخل کی۔ اگر وہ اپنی اہلیہ کی علحدہ درخواست داخل کرتے ہوئے بعد میں بطور محرم درخواست داخل کرتے تو وہ قبول کرلی جاتی اور اس کے لئے زائد 17000 روپئے ادا کرنے پڑتے۔ اس رقم سے بچنے یا پھر معلومات کی کمی کے سبب درخواست گذار قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔ حج کمیٹی کی شرائط کے مطابق کسی بھی شخص کو زندگی میں صرف ایک مرتبہ حج کمیٹی سے حج کی سعادت حاصل کرنے کی سہولت ہے اور اس شرط پر گذشتہ تین سال سے عمل کیا جارہا ہے جبکہ سابق میں 5 سال کی مدت کے بعد دوبارہ حج کمیٹی سے جانے کی سہولت حاصل تھی۔

TOPPOPULARRECENT