Sunday , September 23 2018
Home / شہر کی خبریں / درگاہوں کے انتظامات کی فائل سید عمر جلیل کو پیش

درگاہوں کے انتظامات کی فائل سید عمر جلیل کو پیش

وقف بورڈ کے نقصان کو روکنے فائلوں کا جائزہ لیا جائے گا
حیدرآباد ۔12۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی کارکردگی پر سکریٹری اقلیتی بہبود کی ناراضگی کے بعد آخرکار بورڈ نے درگاہوں کے انتظامات نامینیشن کی بنیاد پر حوالے کرنے سے متعلق فائلوں کو سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کے پاس پیش کردیا۔ اس سلسلہ میں سکریٹری نے وقف بورڈ کو میمو جاری کیا تھا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی نے آج سکریٹریٹ میں سید عمر جلیل سے ملاقات کی اور متعلقہ فائلیں اور دستاویزات حوالے کئے ۔ وقف بورڈ نے حالیہ عرصہ میں ریاست کی بعض اہم درگاہوں کے انتظامات اوپن ٹنڈر کے بجائے نامینیشن کی بنیاد پر حوالے کئے تھے۔ انتظامات کی حوالگی میں جو رقم طئے کی گئی ، وہ سابق کے مقابلہ انتہائی کم ہے اور اس فیصلہ سے وقف بورڈ کو بھاری نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ مختلف گوشوں سے اس سلسلہ میں شکایت ملنے پر حکومت نے اس معاملہ کی جانچ کا فیصلہ کیا اور سکریٹری اقلیتی بہبود کو یہ ذمہ داری دی گئی۔ سکریٹری نے وقف بورڈ کو متعلقہ فائلیں پیش کرنے کی ہدایت دی لیکن اس معاملہ میں ٹال مٹول سے کام لیا جارہا تھا ۔ سکریٹری کے میمو کے بعد آج چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے ریکارڈ پیش کردیا۔ ان فائلوں کا جائزہ لینے کے بعد اگر حکومت اس معاملہ میں وقف بورڈ کے نقصان کو محسوس کرتی ہے تو نامینیشن کے کاموں کو منسوخ کیا جاسکتا ہے۔ سکریٹری نے اور بھی بعض امور کے سلسلہ میں بورڈ سے وضاحت طلب کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے دیگر فائلوں کے سلسلہ میں کچھ وقت مانگا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT