Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / درگاہ حضرات یوسفین ؒ سے متعلق مقدمہ پر وقف بورڈ کو پولیس کی نوٹس

درگاہ حضرات یوسفین ؒ سے متعلق مقدمہ پر وقف بورڈ کو پولیس کی نوٹس

حیدرآباد۔/19مارچ، ( سیاست نیوز) وقف بورڈ کو پولیس کی جانب سے نوٹس وصول ہوئی ہے جس میں درگاہ حضرات یوسفینؒ سے متعلق ایک مقدمہ میں جواب طلب کیا گیا ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ کو پولیس اسٹیشن حبیب نگر سے مکتوب وصول ہوا جس میں درگاہ حضرات یوسفینؒ میں مبینہ طور پر قبروں کی بے حرمتی، دکانات کے قیام، متولی کے اختیارات اور دیگر معاملات میں جواب طلب کیا گیا ہے۔ ایک خانگی فرد نے درگاہ کے کارگذار متولی کے خلاف مختلف الزامات عائد کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کی اور ایف آئی آر درج کیا گیا۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں بعض افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کئے گئے۔ پولیس نے شکایت، ایف آئی آر اور سوالنامہ کے ساتھ چیف ایکزیکیٹو آفیسر کو مکتوب روانہ کیا اور جواب دینے کی خواہش کی تاکہ تحقیقات میں پیش رفت ہو۔ وقف بورڈ نے سابق متولی کے خلاف کارروائی کے بعد درگاہ کے انتظامات کو راست اپنی نگرانی میں لے لیا تھا بعد میں درگاہ کے روز مرہ انتظامات اور اُمور کی نگرانی کیلئے کارگذار متولی کا تقرر کیا ہے۔ درگاہ کے تمام دیگر اہم اُمور راست طور پر وقف بورڈ کی نگرانی میں ہیں۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ شکایات کی صورت میں بورڈ کو اختیار حاصل ہے کہ وہ متولی کے تقرر کو کالعدم قرار دے اور دوبارہ انتظامات اپنی راست نگرانی میں لے۔

TOPPOPULARRECENT