Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / درگاہ حضرت درویش محی الدین قادری کاروان پر ناجائز قبضہ برخاست

درگاہ حضرت درویش محی الدین قادری کاروان پر ناجائز قبضہ برخاست

تلنگانہ وقف بورڈ کی نمائندگی پر جی ایچ ایم سی حکام کی کارروائی
حیدرآباد۔/9مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی نمائندگی پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حکام نے درگاہ حضرت درویش محی الدین قادری ؒ کی اوقافی اراضی واقع کاروان پر جاری ناجائز قبضوں کو منہدم کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس اراضی پر پلاٹنگ کے بعد غیر مجاز تعمیرات کا آغاز کردیا گیا تھا۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر محمد اسد اللہ نے اس معاملہ کی جانچ کیلئے ایکزیکیٹو آفیسر افتخار مشرف کو روانہ کیا جنہوں نے اپنی رپورٹ میں ناجائز قبضوں اور تعمیرات کی تفصیلات بیان کی جس کی بنیاد پر پولیس اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں شکایت درج کی گئی۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر محمد اسد اللہ کی خصوصی دلچسپی کے بعد عہدیداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کردیا۔ واضح رہے کہ اس درگاہ کے تحت ایک لاکھ 46ہزار 710 مربع گز اراضی وقف ہے جن میں زیادہ تر اراضی پر ناجائز قبضے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 3 ایکر کھلی اراضی پر وقف مافیا کی نظریں ہیں لیکن وقف بورڈ اس اراضی کے تحفظ کیلئے کمپاونڈ وال کی تعمیر کا منصوبہ رکھتا ہے۔ غیر مجاز تعمیرات کی برخواستگی اور بلدیہ کی انہدامی کارروائی وقف بورڈ کی اہم کامیابی تصور کی جارہی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے بتایا کہ کاروان اور اس کے اطراف واکناف کی اوقافی اراضیات کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT