Wednesday , December 13 2017
Home / ہندوستان / دریائے سرایو پر لارڈ رام کے مجسمہ کی تنصیب کا منصوبہ

دریائے سرایو پر لارڈ رام کے مجسمہ کی تنصیب کا منصوبہ

یوگی حکومت کی زبردست دیوالی منانے کی تیاریاں۔ایودھیا کیلئے مرکز سے133 کروڑ روپئے منظور
لکھنؤ۔/10 اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) یوگی آدتیہ ناتھ حکومت دریائے سرایو کے کنارے بھگوان رام کا مجسمہ نصب کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور اس مرتبہ عظیم الشان دیوالی کے اہتمام کا پروگرام بھی ہے جس کے تحت ایودھیا میں سارے ٹاؤن کو 1.71 لاکھ مٹی کے دیوں کی روشنی سے منور کرنے کی کوشش ہوگی۔ پرنسپل سکریٹری ٹورازم اوانیش اوستھی نے کہا کہ یہ مجسمہ نیشنل گرین ٹریبونل سے کلیرنس کے بعد ہی نصب کیا جائے گا۔ انہوں نے گزشتہ روز گورنر رام نائیک کو اس ضمن میں تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ 18اکٹوبر کو سلسلہ وار پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے جو اس ٹاون میں دیوالی تقاریب کا حصہ ہوں گے۔ ’’ دیپ اُتسو‘‘ کا اہتمام ’ رام کی پائیدی‘ پر ہوگا جہاں 1.71 لاکھ دیئے روشن کئے جائیں گے۔ بڑی عمارتوں اور گھاٹوں کو بھی روشنی سے منور کیا جائے گا تاکہ سیاحوں کو راغب کیا جاسکے۔ اس سارے پروگرام کا مقصد ایودھیا کو سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینا ہے، جسے لارڈ رام کی جائے پیدائش باور کیا جاتا ہے۔ سرکاری عہدیدار نے کہا کہ ایودھیا کو لارڈ رام کی واپسی کی یاد میں ایک یاترا بھی منعقد کی جائے گی اور چیف منسٹر و دیگر شخصیتیں اس موقع پر کئی اسکیمات کی شروعات کے پروگرام کا حصہ ہوں گے۔ چیف منسٹر اور گورنر دریائے سرایو کی آرتی اُتاریں گے اور دریا کے کناروں پر لیزر شو منعقد کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے دوران انڈونیشیا اور تھائی لینڈ کے فنکار رام لیلا پیش کریں گے۔ مرکزی وزارت سیاحت نے ایودھیا کو ٹورازم کا مرکز بنانے کیلئے 133.70 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ یہ منظورہ رقم گھاٹوں کی تزئین نو کیلئے استعمال میں لائی جائے گی، جن میں گپتر گھاٹ شامل ہے جہاں لارڈ رام نے سمادھی لی تھی۔ علاوہ ازیں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے، پولیس بوتھس قائم کئے جائیں گے، سیاحوں کیلئے دگمبر اکھاڑہ میں گیسٹ ہاوز اور آڈیٹوریم کی تعمیر بھی اس رقم سے کی جائے گی۔ گورنر نے کہا کہ سیاحوںکیلئے اچھی سہولتیں فراہم کرنا چاہیئے۔

TOPPOPULARRECENT