دریائے کرشنا میں کشتی غرقاب : 16 ہلاک

7 افرا دلاپتہ ۔ فی کس 8 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان
وجئے واڑہ 12 نومبر ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں وجئے واڑہ کے قریب دریائے کرشنا میں ایک پرہجوم کشتی کے غرقاب ہونے سے 16 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 7 دوسرے لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ موٹر بوٹ تھی جس میں عملہ کے تین ارکان تھے اور 38 مسافرین کو بھوانی جزیرہ سے پوترا سنگمم منتقل کیا جا رہا تھا ۔ یہ لوگ کسی مذہبی تقریب میں شرکت کیلئے جا رہے تھے ۔ ان میں 32 افراد کا تعلق واکرس اسوسی ایشن اونگول (ضلع پرکاشم ) سے بتایا گیا ہے جبکہ چھ افراد کا تعلق نیلور سے تھا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر این چنا راجپا نے جو وزارت داخلہ کا قلمدان بھی رکھتے ہیں میڈیا کو بتایا کہ اب تک 16 نعشیں نکالی جاچکی ہیں اور ان سب کا تعلق واکرس کلب سے بتایا گیا ہے ۔ مہلوکین کی شناخت کا کام بھی جاری ہے ۔ لاپتہ افراد کی تلاش بھی شروع کردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ جو خانگی ایجنسی بوٹ چلاتی ہے اس کے پاس محکمہ سیاحت کا لائسنس نہیں ہے ۔ انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کیلئے فی کس 8 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے چندرنا بیما اسکیم کے تحت انشورنس کروایا ہوا ہو تو مزید دو لاکھ روپئے اضافی ملیں گے ۔ کہا گیا ہے کہ جب یہ کشتی اپنے مقام کو پہونچ رہی تھی کہ کچھ ہی فاصلہ پہلے شام 5.45 بجے غرقاب ہوگئی ۔ پیراکوں اور مقامی افراد نے 15 افراد کو غرقاب ہونے سے بچالیا ۔ مزید تین مسافرین کو نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیموں نے رات دیر گئے تک تگ و دو کے بعد بچالیا ہے ۔ سات لاپتہ افراد کی تلاش کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT