Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / دسہرہ تعطیلات میں بھی خانگی اسکولس و کالجس برقرار

دسہرہ تعطیلات میں بھی خانگی اسکولس و کالجس برقرار

حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی ، محکمہ تعلیمات خاموش تماشائی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت کی جانب سے بتکماں اور دسہرہ تہوار کی تعطیلات منظوری کے باوجود بعض خانگی تعلیمی ادارے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسکولس اور کالجس میں کلاسیس جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ خانگی تعلیمی اداروں کے ذمہ داران انہیں قید خانوں کے قیدیوں کی طرح اداروں میں بند رکھ کر کلاسیس چلا رہے ہیں ۔ اداروں کے نوٹس بورڈس پر اعلان آویزاں کیا ہے کہ کلاسیس باقاعدہ جاری رہیں گی ۔ عدم حاضری کی صورت میں جرمانے عائد کئے جائیں گے ۔ یہاں تک کہ بعض تعلیمی اداروں کی جانب سے طلبہ کے والدین کو پیغام دیا گیا ہے کہ عدم حاضری کی صورت میں 100 ، 200 روپئے ایک دن کی غیر حاضری کے لیے جرمانہ وصول کیا جائے گا اور یہ بھی حکم دیا جارہا ہے کہ طلبہ بغیر یونیفارم کے اداروں کو حاضر ہوں ۔ حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی میں اس طرح کے ذاتی فیصلوں کا اداروں کو کوئی اختیار نہیں ۔ سخت قوانین کے باوجود بعض خانگی تعلیمی اداروں کی جانب سے سرکاری احکامات پر عدم عمل آوری کے الزامات ہیں اور حکومت نے تہواروں کی مناسبت سے تعلیمی اداروں کو 20 تا 4 اکٹوبر تعطیلات مقرر کی ہے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی رجسٹرار نے تمام خانگی تعلیمی اداروں کو سرکولر جاری کیا ہے ۔ اس کے باوجود گریٹر حیدرآباد کے احاطہ میں بعض خانگی تعلیمی ادارے باقاعدہ جاری ہیں ۔۔

 

خیریت آباد آر ٹی اے آفس میں آج ٹریفک
بیداری پروگرام اور ہیلمٹس کی مفت تقسیم
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ ایل ایم وی موٹر ڈرائیونگ اسکول اونرس ویلفیر اسوسی ایشن کے زیر اہتمام ٹریفک بیداری پروگرام اور ہیلمٹس کی مفت تقسیم پروگرام 23 ستمبر کو صبح 9 بجے خیریت آباد آر ٹی اے آفس منعقد ہوگا ۔ اس پروگرام کا افتتاح وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی کریں گے ۔ تلنگانہ ایل ایم وی موٹر ڈرائیونگ اسکول اونرس ویلفیر اسوسی ایشن کے صدر وی پرشوتم ریڈی نے ایک پریس نوٹ میں یہ بات بتائی اور عوام سے اس موقع سے استفادہ کرنے کی خواہش کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT