Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / دسہرہ کے موقع پر آر ٹی سی کی 3600خصوصی بسیں

دسہرہ کے موقع پر آر ٹی سی کی 3600خصوصی بسیں

تمام اضلاع کے علاوہ پڑوسی ریاستوں کیلئے خدمات
حیدرآباد ۔24ستمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں 30ستمبر کو دسہرہ تہوار کے پیش نظر دور درام علاقوں تک مسافروں کو سفر کی سہولت کو آسان بنانے کے مقصد سے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے 3600اسپیشل بسیں چلانے کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں اور یہ اسپیشل بسیں نہ صرف تلنگانہ بلکہ پڑوسی ریاستوں آندھراپردیش ‘ کرناٹک اور مہاراشٹرا وغیرہ کیلئے بھی چلائی جائیں گی ۔ منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن جی وی رمنا راؤ نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ دسہرہ تہوار کیلئے چلائی جانے والی اسپیشل بسوں کا آغاز 26ستمبر سے کیا جائے گا جو کہ 29ستمبر تک جاری رہیں گی جبکہ 30ستمبر کو دسہرہ تہوار ہوگا اور واپسی سفر کیلئے یکم اکٹوبر سے خصوصی بسیں چلائی جائیں گی جو کہ 2اور 3اکٹوبر تک چلائی جاسکتی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال دسہرہ تہوار کے موقع پر 2600 اسپیشل بسیں چلائی گئی تھیں جو کہ ناکافی ہوئی تھیں جس کے پیش نظر اس سال دسہرہ تہوار کے موقع پر بسوں کی تعداد میں 3600 تک اضافہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش و دیگر مقامات کیلئے عوامی مطالبہ کے مطابق اسپیشل بسیں چلائی جائیں گی ۔ مسٹر جی وی رمنا راؤ نے بتایا کہ اسپیشل بسوں کو ایک ساتھ شہر سے چلانے کے باعث شہر میں ٹریفک کے سنگین مسائل پیدا ہونے کے پیش نطر بسوں کو شہر کے مضافاتی علاقوں سے چلانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس طرح ورنگل کی سمت چلائی جانے والی اسپیشل بسوں کو اوپل سے وجئے واڑہ کی سمت یعنی آندھرا کے دور دراز مقامات وشاکھاپٹنم ‘ وجئے نگرم اور سریکاکلم وغیرہ کیلئے ایل بی نگر سے بسیں چلائی جائیں گی ۔ علاوہ ازیں مختلف مقامات جیسے کوکٹ پلی ‘ میاں پور وغیرہ سے چلائی جانے والی اسپیشل بسیں براہ تارناکہ ‘ عطاپور کے ذریعہ ایل بی نگر سے ہوتے ہوئے وجئے واڑہ کی سمت روانہ ہوں گی ۔ اسی دوران ریجنل منیجر رنگاریڈی ٹی ایس آر ٹی سی مسٹر یادگیری نے بتایا کہ شہر کے مضافاتی علاقہ جات جہاں دور دراز علاقوں کیلئے خصوصی بسیں چلائی جارہی ہیں ان مقامات تک سبھی مسافروں کو آسانی کے ساتھ پہنچنے کیلئے زائد سٹی بسیں بھی چلائی جارہی ہیں ۔ روز مرہ کے بسوں کے علاوہ اسپیشل بسوں کیلئے ریزرویشن جاری ہیں اور قبل از وقت اڈوانس ریزرویشن www.tsrtconline.in ویب سائیٹ پر کرواسکتے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT