دشمن کیخلاف ضرورت پر جوہری ہتھیار کا استعمال کریں گے: مشرف

لندن ۔ 23 اکٹوبر۔(سیاست ڈاٹ کام)سابق صدر پاکستان جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف نے ہندوستان کو للکارتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، ہندوستان کے خلاف اپنی سرزمین کی حفاظت کیلئے ہروقت تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر دشمن کے خلاف اپنے جوہری ہتھیار استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق ایک ہندوستانی ٹی وی چیانل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق صدر نے کہا کہ پاکستان کا رویہ کبھی جارحانہ نہیں ہوتا۔ تاہم ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی کا رویہ جارحانہ ہے، وہ پاکستان اور مسلمانوں کے مخالف ہیں۔ لہٰذا انہیں اپنا طریقہ کار بدلنا ہوگا کیونکہ مودی پاکستان پر حکم نہیں چلا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان کے ساتھ بالواسطہ جنگ لڑرہے ہیں جس کے ذریعے دشمن ہمیں غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے کیونکہ ہندوستان پاکستان میں انتشار کا خواہش مند ہے۔ مشرف نے کہا کہ پاکستان ہندوستان کے خلاف اپنی سرزمین کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیار ہے ، پاک فوج مشرقی سرحد پر ہمیشہ چوکس رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے کسی بھی خطرے سے نمٹنا جانتے ہیں اور پاکستانی قوم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT