Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / دفتر روزنامہ سیاست میں آج جامعہ ازہر کے قراء کی قرات کلام پاک

دفتر روزنامہ سیاست میں آج جامعہ ازہر کے قراء کی قرات کلام پاک

عالمی قرآنی مہم کا آغاز ، مصر سے قراء کی آمد ، مولانا پیر سید شبیر نقشبندی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 7جون(سیاست نیوز) مصر کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ ازہر کے دو ممتاز قراء الشیخ محمد حافظ دارنکی اور الشیخ محمد سمیر کی آج حیدرآباد آمد ہوئی۔ عالمی قرآنی مہم کے بانی ومحرک مولانا پیرسید شبیر نقشبندی نے حیدرآباد ائیرپورٹ پر مذکورہ قراء کا استقبال کیا۔ بعدازاں بیرونی قراء اور مولانا پیرسید شبیر نقشبندی نے میڈیا پلس آڈیٹوریم ‘ گن فاونڈری میںمنعقدہ پریس کانفرنس کے دوران مصری قراء کا میڈیا سے تعارف کروایا۔ اس موقع پر میڈیاسے بات کرتے ہوئے مولانا شبیر نقشبندی نے کہاکہ پچھلے 27سالوں میںہماری یہ کوشش رہی ہے کہ ہم دنیا کی سب سے بڑی دینی درسگاہ جامعہ ازہر سے ہر بار نئے قراء کو مدعو کیاجائے ۔ ہمارا مقصد قرات کے منفرد اندازاور خوبصورت لحن کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ہے اور ہم اس قرآنی مہم کے ذریعہ اس بات کا پیغام دینے کی کوشش کررہے ہیں مسلمانوں کا داعی قرآن ہے ان کا داعش سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم ایک خیرامت ہے اور ہم پر اس بات کا لیبل لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ہم داعش کے ہمدرد ہیں جو غلط ہے ۔ مولانا شبیرنقشبندی نے کہاکہ ہندوستان اللہ والوں ‘ صوفیوں ‘ سنتوں اوردرویشوں کی سرزمین ہے اور ہم یہاں پر خواجہ غریب نواز ؒکے مشن کو آگے بڑھانے کاکام کررہے ہیںجو امن و بھائی چارے کو فروغ دینے کاکام کرتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے مندروں‘ گرجا گھروں اور گردواروں میں بھی قرات کلام کا انعقا دعمل میںلاتے ہوئے آپسی بھائی چارے کوفروغ دینے کاکام کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ داخلی امور کی باضابطہ اجازت کے بعد ہم مصری قراء کو حیدرآباد بلاکر ان کی قرآت کی سماعت کرتے ہیں اس کے علاوہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں میںبھی مصری قراء اپنے خوبصورت انداز میں قرآن کی تلاوت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ 8 جون کو ادارہ سیاست میں 5:30بجے شام مصری قراء قرآن شریف کی تلاوت کریں گے اور شام 7بجے مسجد محمدیہ( بوہرہ ) ریڈہلز حیدرآباد کے علاوہ 9جون مسجد حرمین بنجارہ ہلز روڈ نمبر ون میں12:15سے لیکر2:15اور بعد نماز جمعہ حیدرآباد سے ان کی روانگی دیگر ریاستوں کیلئے ہوگی ۔ بعد ازاں مصری قراء 15جون کو حیدرآباد لوٹیںگے اوردرگاہ امراللہ شریف میں10:30بجے صبح عوامی پروگرام اور16جون کو جامع مسجد عالیہ گن فاونڈری میںدوپہر12:30بجے اور6بجے چیرمن وقف بورڈ الحاج محمد سلیم کی دعوت افطار کے موقع پر مصری قراء اپنی خوش لحن آواز میںقرآن شریف کی تلاوت کریں گے ۔ اس کے علاوہ 19تا24جون شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات پر مصری قراء کا پروگرام منعقد کیاجائے گا۔ مولانا شبیر نقشبندی نے کہاکہ اس سال جموں او رکشمیرکی چیف منسٹر محبوبہ مفتی سے بھی ہماری بات ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر جموں اور کشمیر بھی ہمیںاس سال مدعو کریں گی تاکہ ریاست کے عوام کو مصری قراء کی قرآت کلام سماعت کرنے کا موقع فراہم کیاجاسکے۔

TOPPOPULARRECENT