Friday , June 22 2018
Home / شہر کی خبریں / دفتر سیاست میں آج کتاب ’ سیاق و سباق ‘ کی رسم اجراء

دفتر سیاست میں آج کتاب ’ سیاق و سباق ‘ کی رسم اجراء

حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : جناب صابر علی سیوانی کی کتاب سیاق و سباق (تنقیدی مضامین کا مجموعہ ) کی رسم اجراء تقریب جمعہ 9 مئی کو 6 بجے شام محبوب حسین جگر ہال احاطہ روزنامہ سیاست عابڈس مقرر ہے ۔ مدیر سیاست جناب زاہد علی خاں کتاب کی رسم اجراء انجام دیں گے ۔ پدم شری مجتبیٰ حسین اس تقریب کی صدارت کریں گے ۔ علامہ اعجاز فرخ ، ڈاکٹر مصطفی کمال ( مدیر شگوفہ ) اور پروفیسر بیگ احساس سابق صدر شعبہ اردو یونیورسٹی آف حیدرآباد مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ جناب محمد حمید الظفر سابق پی آر او اردو اکیڈیمی آندھرا پردیش پروگرام کے آغاز میں مصنف اور کتاب کا تعارف پیش کریں گے ۔ سیاق و سباق میں صابر علی سیوانی کے 22 مضامین شامل ہیں جن میں بیشتر مضامین غیر مطبوعہ ہیں ۔ بعض روزنامہ سیاست اور ادبی رسائل میں شائع ہوچکے ہیں ۔ کاروان ادب و اردو رائٹرس و جرنلسٹس اسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس تقریب کے موقع پر یہ کتاب رعایتی قیمت پر فروخت کی جائے گی ۔ کتاب کے مجموعی صفحات 224 ہیں ۔ ضرب الامثال ، خطاطی ، تحقیق ، تدوین ، فارسی شاعری ، افسانہ نگاری ، ترجمہ نگاری ، تبصرہ نویسی ، اور صحافت پر مضامین شامل کتاب ہیں ۔ ’ سیاق و سباق ‘ صابر علی سیوانی کے تنقیدی مضامین کا پہلا مجموعہ ہے ۔ انہوں نے اس سے قبل سیوان کے ایک گمنام شاعر انور بہمن بروی کی 50 سالہ شعری سرمایہ کو جمع کر کے مرتب کیا اور اسے زیور طباعت سے آراستہ کیا ۔ انوار سخن کے نام سے انور بہمن بروی کا شعری مجموعہ منظر عام پر آیا ۔ سیاق و سباق ، ایجوکیشنل پبلشنگ ہاوس دہلی سے شائع ہوئی ہے ۔ اس کتاب کی اشاعت میں آندھرا پردیش اردو اکیڈیمی حیدرآباد کا جزوی مالی تعاون شامل ہے ۔ جناب عابد علی صدیقی کنوینر نے شرکت کی خواہش کی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT