Thursday , November 23 2017
Home / ہندوستان / دفعہ کا دفاع کرنے جان کی بازی لگادینگے:فاروق عبداللہA35

دفعہ کا دفاع کرنے جان کی بازی لگادینگے:فاروق عبداللہA35

سرینگر28اگست (سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آئین ہند کی دفعہ 35 اے کے خلاف سازش کو جموں وکشمیر کی پہچان اور عوام پر سیدھا حملہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر کی انفرادیت کا دفاع کرنے کے لئے ہم جان کی بازی لگانے کے لئے تیار ہیں اور فاروق عبداللہ اس میں آگے آگے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ہر ایک پشتینی باشندے کو دفعہ 35 اے کے دفاع کے لئے جاری تحریک کا حصہ بنا چاہیے کیونکہ اسی دفعہ کی بدولت ہماری پہچان اور کلچر زندہ ہے ۔ فاروق عبداللہ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ‘مہاراجہ ہری سنگھ نے اُس ہندوستان کے تصور کے ساتھ جموں وکشمیر کا مشروط الحاق کیا تھا جس میں ہندو، مسلم ، سکھ ، عیسائی، بودھ اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو یکساں حقوق حاصل تھے ، ہر ایک مذہب سے وابستہ لوگوں کو آئینی تحفظ اور مذہبی آزادی کے ساتھ ساتھ اظہارِ رائے کا حق حاصل تھا لیکن موجودہ بھارت میں گاندھی کے نظریہ کو پارہ پارہ کیا جارہا ہے ، فرقہ پرستی عروج پر ہے اور اقلیتیں دم بہ خود ہیں’۔انہوں نے بھارت کے ساتھ ریاست کے بقول اُن کے مشروط الحاق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ بار بار دھوکے گئے گئے اور ریاست کو حاصل خصوصی پوزیشن کو ختم کرنے کے لئے درجنوں مرکزی قوانین ریاست پر نافذ کروائے گئے ۔ جو آئینی اور جمہوری اصولوں کے منافی ہے ۔ فاروق عبداللہ نے کہاکہ خصوصی پوزیشن کو کھوکھلا کرکے اب دفعہ 35 اے کا خاتمہ کرکے ریاست کے سٹیٹ سبجیکٹ قانون کو ختم کرنے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں، جو انتہائی افسوسناک اور تشوشناک بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس دفعہ 35 اے کی اہمیت اور اس دفعہ کے نہ رہنے سے پڑنے والے منفی اثرات کے بارے میں ریاست کے کونے کونے میں جانکاری مہم چلا رہی ہے اور میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مہم کو آگے لے کر جائیں۔ نیشنل کانفرنس صدر نے ہندوستان اور پاکستان کو مذاکرات کی میز پر آنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سرحدوں پر جاری گن گرج کو فوری طور پر روک دیا جانا چاہئے ۔

 

TOPPOPULARRECENT