Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / دق مہلک مرض لیکن قابل علاج، آندھرا پردیش و تلنگانہ کو مرض سے آزاد بنانے پر زور : گورنر

دق مہلک مرض لیکن قابل علاج، آندھرا پردیش و تلنگانہ کو مرض سے آزاد بنانے پر زور : گورنر

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : گورنر تلنگانہ و آندھرا پردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ مرض ٹی بی ایک مہلک مرض ہونے کے باوجود قابل علاج مرض ہے اور جس کے تدارک کے لیے دونوں ریاستوں میں ضروری اقدامات کرتے ہوئے جس طرح سے مرض پولیو جیسے مرض کے خاتمہ کو یقینی بناتے ہوئے دونوں ریاستوں کو ’ پولیو فری ‘ ریاستوں میں تبدیل کیا گیا ہے اسی طرز پر ٹی بی کے خاتمہ کو یقینی بناتے ہوئے ’ ٹی بی فری ‘ ریاستوں میں تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ وہ آج ٹی بی اسوسی ایشن آف آندھرا پردیش کے زیر اہتمام راج بھون میں منعقدہ “66th TB Seal Sale Compaign” کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچیکہ مرض ٹی بی کا علاج طویل مدتی ہے لیکن ادویات کے پابندی وقت مسلسل استعمال سے اس کا علاج ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحت انسان کے لیے ایک نعمت ہے اسی لیے ہر فرد کو چاہئے کہ وہ مرض ٹی بی کے آثار نمودار ہونے سے قبل ابتدائی مرحلہ میں ہی تشخیص کروالیا کریں تاکہ ٹی بی جیسے مہلک مرض پر فوری طور پر قابو پایا جاسکے ۔ انہوں نے ٹی بی اسوسی ایشن آف آندھرا پردیش کی جانب سے دونوں ریاستوں سے ٹی بی کے خاتمہ کے لیے مالیہ اکٹھا کرنے کے لیے چلائی جانے والی 66 ویں سِیل سیل مہم کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسوسی ایشن کے جذبہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہترین خدمت خلق کارنامہ ہے ۔ انہوں نے دونوں ریاستوں سے مرض ٹی بی کے مکمل خاتمہ کے لیے ہیلت کیمپس منعقد کرتے ہوئے مذکورہ مہم کے دوران مرض ٹی بی سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے پر زور دیا ۔ اس موقع پر سرپرست ٹی بی اسوسی ایشن آندھرا پردیش و ڈائرکٹر اے ایم جی انڈیا انٹرنیشنل چلکالوری پیٹ ڈاکٹر ارون کمار کانتی موہنتی نے اپنے صدارتی تقریر میں اسوسی ایشن کی تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔ ڈائرکٹر آف پبلک ہیلت تلنگانہ ڈاکٹر وائی للیتا کماری ، چیرمین زونل ٹاسک فورس فار بوائز نیشنل ٹی بی کنٹرول ڈاکٹر سبھاکر ، ڈائرکٹر آروگیہ وید میڈیکل ٹرسٹ ڈاکٹر ویزلی جنرل سکریٹری ٹی بی اسوسی ایشن آف اے پی ڈاکٹر ڈی بالا چندرا نے بھی مخاطب کیا ۔ بعد ازاں گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کے ہاتھوں مختلف اسوسی ایشن قائدین کو ان کی نمایاں خدمات پر ایوارڈس عطا کئے گئے ۔ ریٹائرڈ ایڈیشنل ڈائرکٹر آف میڈیکل اینڈ ہیلت سرویس اے پی ڈاکٹر بی سائی بابا نے شکریہ ادا کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT