Thursday , October 18 2018
Home / اضلاع کی خبریں / دلتوں سے ناانصافی، مسلمانوں سے بھی وعدہ خلافی

دلتوں سے ناانصافی، مسلمانوں سے بھی وعدہ خلافی

ریاستی و مرکزی حکومتوں سے عوام پریشان، ورنگل میں صدر کانگریس اتم کمار ریڈی کا خطاب
ورنگل۔/4اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی و مرکزی حکومتوں کی پالیسیوں سے عوام پریشان ہیں، دلت، گریجن اور مسلمانوں کے خلاف مرکزی حکومت کام کررہی ہے۔ ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں میں ناکام ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی صدر کانگریس پارٹی اتم کمار ریڈی نے ہنمکنڈہ کی ہریتا ہوٹل میں اخباری نمائندوں کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مرکزی حکومت دلتوں اور گریجنوں کے خلاف کام کررہی ہے۔ سپریم کورٹ کی رولنگ میں ایس سی، ایس ٹی ایکٹ میں تبدیلی لانا تشویشناک بات ہے، چار سال میں ریاستی اور مرکزی حکومتوں نے عوام کی بھلائی اور ریاست و ملک کی ترقی میں ناکام ثابت ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی چیف منسٹر بھی دلتوں کے خلاف ہیں۔ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران اعلان کیا تھا کہ دلت کو چیف منسٹر بنایا جائے گا لیکن عمل آوری میں وہ ناکام ثابت ہوچکے ہیں۔ ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ میں مالا، مادیگا طبقات کے ساتھ ناانصافی کررہے ہیں۔ مادیگا طبقہ کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر ٹی راجیا کو برطرف کیا یہ دلتوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ مسلمانوں کی بھلائی کیلئے خوش کن اعلانات کررہے ہیں لیکن عمل آوری میں ناکام ہیں، جھوٹے وعدے کرنے میں چندر شیکھر راؤ ماہر ہیں، حکومت کی سرپرستی میں ریت مافیا کام کررہاہے، ریت کی لاریوں کی وجہ سے سڑک حادثات میں کئی افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دلت انصاف کیلئے آواز اٹھانے پر حکومت الٹا ان کے خلاف ہی مقدمات درج کی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں خاندانی حکمرانی چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی کی آبادی کے لحاظ سے سب پلان لانے کی ضرورت ہے۔ کانگریس حکومت نے ہمیشہ دلت ، گریجن، مسلم و دیگر پسماندہ طبقات کے حق میں کام کیا ہے۔ سماج میں ان طبقات کو اونچا اٹھانے کیلئے کانگریس پارٹی ٹھوس اقدامات کرچکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس، بی جے پی حکومتیں عوام کی دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں کو کانگریس پارٹی نے منظر عام پر لاتے ہوئے حقیقت سے واقف کرانے کیلئے چیتنیہ یاترا کا آغاز کیا ہے۔ ورنگل کے اسمبلی حلقوں کا دورہ کیا جارہا ہے۔ عوام میں کانگریس پارٹی کے حق میں نیا جوش پیدا ہورہا ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ صدر نانی راجندر ریڈی، ایم نریندر ریڈی، بوشالہ پدما، اسٹیٹ میناریٹی ڈپارٹمنٹ سکریٹری راحت پروین، اسٹیٹ ابزرور ای وی سرینواس، گنڈراجیوتی، محمد ایوب صدر اقلیتی ڈپارٹمنٹ و دیگر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT