Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / دلتوں کیلئے ریزرویشن پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی : مودی

دلتوں کیلئے ریزرویشن پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی : مودی

پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے تناظر میں وزیراعظم کی یقین دہانی ،اپوزیشن پر غلط بیانی کا الزام

نئی دہلی ۔ 21 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ دلتوں کیلئے ریزرویشن پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور ان کا حق کوئی نہیں چھین سکتا ۔ انھوں نے مخالفین پر جھوٹی باتیں پھیلانے کا الزام عائد کیا ۔ وزیراعظم نے معمار دستور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا تقابل مارٹن لوتھر کنگ سے کیا جنھوں نے سیاہ فام افراد کے حقوق کیلئے جدوجہد کی تھی ۔ آج یہاں امبیڈکر میموریل لکچر دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ جب تک ہم اقتدار پر ہیں دلتوں ، قبائلیوں کیلئے تحفظات برقرار رہیں گے پھر بھی عوام کو گمراہ کرنے جھوٹی باتیں پھیلائی جارہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب واجپائی وزیراعظم بنے یہ مہم چلائی گئی کہ تحفظات ختم ہوجائینگے ۔ وہ دو معیاد کیلئے وزیراعظم رہے اور ایسا کچھ نہیں ہوا ۔ بی جے پی مدھیہ پردیش ، گجرات ، مہاراشٹرا ، پنجاب و ہریانہ میں اقتدار پر ہے لیکن کوٹہ پالیسی برقرار ہے اسکے باوجود جھوٹی باتیں پھیلائی جارہی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ’کوٹہ‘ دراصل دلتوں و محروم طبقات کا ’حق‘ ہے جسے کوئی چھین نہیں سکتا ۔ وہ پہلے بھی یہ بات کہہ چکے ہیں کہ اگر امبیڈکر آج ہوتے تو بھی آپ کا حق چھین نہیں سکتے تھے اور بابا صاحب کے آگے ہماری حقیقت ہی کیا ہے۔ امبیڈکر نیشنل میموریل کیلئے سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وزیراعظم نے سیاسی حریفوں کو نشانہ بنایا اور ان پر اس مسئلہ کے تعلق سے اُلجھن پیدا کرنے ، جھوٹ بات کہنے کا الزام عائد کیا ۔ وزیراعظم نے ایسے وقت جبکہ پانچ ریاستوں بنگال ، ٹاملناڈو ، آسام ، کیرالا اور پڈوچیری میں انتخابات ہونے والے ہیں ، تحفظات کا مسئلہ چھیڑ دیا ہے اور حکومت کا موقف واضح کرنے کی کوشش کی ۔ انھوں نے صرف امبیڈکر کو دلتوں کا ’’مسیحا‘  قرار دیئے جانے کو بھی ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تمام پچھڑے و محروم طبقات کی آواز تھے اور وہ ایک عالمی شخصیت تھی اور انھوں نے امبیڈکر کا موازنہ شہری حقوق کے علمبردار مارٹن لوتھر کنگ سے کیا ۔ انھوں نے کہاکہ بعض لوگ ہمیں پسند نہیں کرتے وہ ہمیں دیکھنا بھی گواراہ نہیں کرتے ۔ ہمیں دیکھتے ہی  بخار آجاتا ہے ۔مودی نے کہا کہ پہلی مرتبہ ملک کا وزیراعظم امبیڈکر میموریل لکچر دے رہا ہے جو چھٹی مرتبہ منعقد کیا جارہا ہے ۔ کانگریس کا نام لئے بغیر وزیراعظم نے متعدد مرتبہ اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔

TOPPOPULARRECENT