Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / دلت قائد ستیم قتل کے الزام کی تردید : جیون ریڈی

دلت قائد ستیم قتل کے الزام کی تردید : جیون ریڈی

پولیس نے حادثہ قرار دیا ، سیاسی جماعتوں کے الزامات کا جواب
حیدرآباد۔/18فبروری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی آرمور جیون ریڈی نے دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے قائد ستیم کی ہلاکت کے سلسلہ میں ان پر عائد کئے جارہے الزامات کی تردید کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کانگریس، تلگودیشم اور دیگر جماعتوں کی جانب سے ان پر قتل کے الزام کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ ستیم کی موت سڑک حادثہ میں ہوئی ہے اور پولیس نے خود تحقیقات کے بعد اسے حادثہ قرار دیا ہے۔ اس کے باوجود ان پر الزام عائد کرنا افسوسناک ہے۔ جیون ریڈی نے تلگودیشم قائد ریونت ریڈی کو جھوٹ کا شہنشاہ قرار دیا اور کہا کہ ریونت ریڈی حقائق جاننے کے باوجود سیاسی مخاصمت کے سبب الزامات عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستیم کے حادثہ سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے الزامات محض سیاسی مقصد براری پر مبنی ہیں۔ وہ آرمور میں ان کے سیاسی کریئر کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کے الزامات پر عوام ہرگز توجہ نہیں دیں گے کیونکہ ریونت ریڈی خود نوٹ برائے ووٹ اسکام میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام نے تلگودیشم کو مسترد کردیا اور انتخابات میں اس کے امیدواروں کی ضمانت بھی نہیں بچ پائی۔ سیاسی اقدار کو فراموش کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتیں الزام عائد کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ الزامات کا سامنا کرنے کسی بھی تحقیقات کیلئے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ آرمور میں جیون ریڈی کے خلاف آزاد امیدوار کے طور پر مقابلہ کرنے والے دلت طبقہ کے قائد ستیم کی حالیہ عرصہ میں حادثہ میں موت واقع ہوگئی۔ ان کا جیون ریڈی سے تنازعہ چل رہا تھا اور ستیم نے جیون ریڈی کے خلاف انتخابی عذرداری دائر کی تھی۔ کانگریس پارٹی نے ضلع نظام آباد میں کُل جماعتی سطح پر جیون ریڈی کے خلاف ایجی ٹیشن کا آغاز کردیا ہے۔ نظام آباد میں کُل جماعتی دھرنا منظم کیا گیا جس میں کانگریس، تلگودیشم، بائیں بازو اور دیگر جماعتوں کے قائدین نے حصہ لیا۔

TOPPOPULARRECENT