Sunday , September 23 2018
Home / ہندوستان / دلیپ کمار کے بنگلہ پر قبضہ کی کوشش، پولیس کا مقدمہ

دلیپ کمار کے بنگلہ پر قبضہ کی کوشش، پولیس کا مقدمہ

ممبئی ۔ 10جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی پولیس کے شعبہ انسداد معاشی جرائم نے ایک بلڈر کے خلاف افسانوی اداکار دلیپ کمار کے مضافات باندرہ میں واقع بنگلہ پر مبینہ ناجائز قبضہ کی کوشش پر ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس عہدیدار نے کہا کہ بلڈر سمیر بھوج وانی نے باندرہ کے پالی ہلز میں ان دو پلاٹس پر ملکیت کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا جس پر دلیپ کمار نے بنگلہ تعمیر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو شبہ ہیکہ بھوج وانی نے بنگلہ پر قبضہ کیلئے بعض جعلی دستاویزات بنایا تھا۔ دلیپ کمار کی بیوی سائرہ بانو اس ضمن میں پولیس سے رجوع ہوکر بھوج وانی کے خلاف شکایت کی تھی، جس کے بعد اس بلڈر کے خلاف پیر کو جرم سے متعلق الزامات درج کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس (ای او ڈبلیو) پاراگ مانیرے نے یہ تفصیلات بیان کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’’ہم اس کیس کی تفصیلی تحقیقات کررہے ہیں، جس کے مطابق کارروائی کی جائے گی‘‘۔ سائرہ بانو کی طرف سے پیش کردہ شکایت کے مطابق دلیپ کمار اس بنگلہ کے دونوں پلاٹس 1953 کے دوران 1.40 لاکھ روپئے میں خریدے تھے۔ تاہم بھوج وانی نے جو مفرور ہے، دعویٰ کیا کہ اس کے والد نے مول راج کتھوعہ ٹرسٹ سے 1980ء کی دہائی میں یہ جائیداد خریدا تھا۔ انسداد معاشی جرائم شعبہ کی ٹیم نے کہا کہ مقدمہ درج کرنے کے بعد بھوج وانی کے گھر پر دھاوا کیا گیا جہاں سے چاقو، خنجر اور دیگر اشیاء ضبط کرلئے گئے۔

TOPPOPULARRECENT