Friday , November 24 2017
Home / عرب دنیا / دمشق کے قریب شامی حکومت کے حملوں سے 34ہلاک

دمشق کے قریب شامی حکومت کے حملوں سے 34ہلاک

شام میں طویل مدتی خانہ جنگی میں سرکاری فوج کے حملوں سے تقریباً ایک ہزار ہلاکتیں

بیروت ۔23اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) باغیوں کے مستحکم گڑھ پر دمشق کے مضافات میں حکومت کی زبردست بمباری سے ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد 34ہوگئی جن میں 12بچے بھی شامل ہیں ۔ شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کے ڈائرکٹر رامی عبدالرحمن نے کہا کہ صدر بشارالاسد کی وفادار افواج نے باغیوں کے زیر قبضہ علاقہ ڈوما پر شل باری کی اور مسلسل حملے کئے ۔ شام دیر گئے تک رصد گاہ کے بموجب 20شہری ہلاک ہوگئے تھے لیکن بچ جانے والے افراد اب بھی مزید مہلوکین کی نعشیں تلاش کررہے ہیں ۔  رات بھر میں ملبہ سے نعشیں برآمد کی جاتی رہیں ۔ کئی زخمی افراد بھی جانبر نہیں ہوسکے ۔ رامی عبدالرحمن نے کہا کہ بعض حملوں سے اپنے گھروں کے اندر بند ایک ہی خاندان کے تمام افراد بھی ہلاک ہوگئے ۔ مقامی رضاکاروں اور شہری دفاع کی ٹیم اتوار کی صبح بھی نعشیں تلاش کرنے میں مصروف رہیں ۔ 7افراد اب بھی لاپتہ ہیں ۔ ڈوما رابطہ کمیٹی ایک مقامی انسانی حقوق کارکنوں کا گروپ ہے جس نے فیس بک کے اپنے صفحہ پر مہلوکین کی تصویریں اور ان کے نام شائع کئے ہیں ۔ ایک تصویر بچے کی ہے ‘ گروپ کے بموجب اس بچے کو ملبہ میں سے بچالیا گیا تھا لیکن وہ بعد ازاں زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ کم از کم 6فضائی حملوں کا نشانہ مشرقی غوطہ کا علاقہ تھا جو قصبہ ڈوما ایک حصہ ہے ۔ شامی رصدگاہ کے بموجب ہلاکتوں کی تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں ۔ 16اگست کو سرکاری افواج کے مسلسل حملوں سے 17سے زیادہ افراد جن میں سے بیشتر شہری تھے ڈوما میں ہلاک ہوگئے تھے جس کی وجہ سے بشارالاسد حکومت کی بین الاقوامی مذمت کی گئی تھی ۔ مشرقی ڈوما کا سرکاری فوجوں نے محاصرہ کررکھا ہے اور باقاعدہ فضائی حملے کررہی ہے ۔ خانہ جنگی کا آغاز مارچ 2011ء میں ہوا تھا جس میں اب تک کئی محاذوں پر جنگ کے دوران ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ باغی بشارالاسد کی اقتدار سے دستبرداری کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ جن کی تائید لبنان کی حزب اللہ اور ایران کررہا ہے ۔ روس بھی شام کا حلیف ملک ہے تاہم اس نے صدر بشارالاسد کو اقتدار سے دستبردار ہونے کی ترغیب دی ہے اور حریف امریکہ سے کہا ہے کہ بشارالاسد کو نئی حکومت کے منتخب ہونے تک عبوری صدر برقرار کھاجائے ۔

TOPPOPULARRECENT