دنیا مسلمان کے لئے ایک امتحان گاہ

اصلاح معاشرہ ازالۂ منکرات اجتماع سے ایم اے نعیم کا خطاب

اصلاح معاشرہ ازالۂ منکرات اجتماع سے ایم اے نعیم کا خطاب
نظام آباد /22 مارچ (پریس نوٹ) یہ دنیا ایک امتحان گاہ ہے۔ اللہ تعالی نے دنیا و آخرت کی حقیقت کھول کر بیان کردی ہے۔ نیک لوگ جنت میں جائیں گے اور برے لوگوں کے لئے جہنم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جو شخص ہدایت کی طرف بڑھتا ہے، اللہ تعالی اس کو ہدایت نصیب فرماتا ہے اور جو گمراہی کی طرف بڑھتا ہے، اللہ تعالی اس کو گمراہی میں ڈال دیتا ہے۔ ہمیں حصول جنت اور جہنم سے بچنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات کی جانب سے منعقدہ اجتماع ’’تزکیہ نفس، اصلاح کا بہترین ذریعہ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے جناب ایم اے نعیم چیرمین اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کی طرف دوڑنے سے ہماری آخرت کھٹائی میں پڑ جائے گی اور جہنم ہمارا ٹھکانہ ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے کرتوت، ہماری عادتیں، ہماری زبانیں، ہمارے معاملات اور رشتہ داروں سے ہمارے تعلقات اچھے نہیں رہے، یعنی ہم برائیوں میں گھرے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر حافظ محمد ماجد خان نے جہنم کے عذاب سے بچنے کے مختلف طریقے بتائے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ کے خوف سے شراب چھوڑ دینے والوں کو شراب طہور پلائی جائے گی اور خودکشی کرنے والوں کو جہنم میں ڈالا جائے گا۔ دنیا میں زہر پی کر مرنے والوں کو آخرت میں آگ کا زہر پینا پڑے گا۔ جناب ایم اے نعیم نے کلمہ طیبہ، تسبیح، درود شریف، استغفار اور ذکر جہری کرائے۔ حافظ سعید، رفیق احمد، حافظ خواجہ عتیق الرحمن نے انتظامات کئے اور جناب خلیل اللہ حسینی سجادہ درگاہ اطہر شاہ ولی بابا پور نے رقت انگیز دعا کی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT