Monday , June 18 2018
Home / کھیل کی خبریں / دنیا کو بتادو تم میسی سے بہتر ہو

دنیا کو بتادو تم میسی سے بہتر ہو

ریوڈی جینیرو ۔ 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فیفا ورلڈ کپ 2014ء کا خطابی مقابلہ ارجنٹینا اور جرمنی کے درمیان کھیلا گیا جہاں مقررہ وقت اور اضافی وقت میں بھی ابتدائی لمحات کے ختم ہوجانے کے باوجود فاتح ٹیم کا فیصلہ نہیں ہورہا تھا اس موقع پر جرمنی کے نوجوان کھلاڑی ماریوگوئتیز نے مقابلہ کے 113 ویں منٹ میں اپنی ٹیم کیلئے ایسا واحد اور فیصلہ کن گول کیا جس کی بدولت ٹیم نے نہ صرف ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دی بلکہ چوتھی مرتبہ عالمی خطاب بھی حاصل کرلیا۔ فیصلہ کن گول اسکور کرنے کے بعد ماریوگوئتیز راتوں رات اسٹار کھلاڑی بن گئے لیکن مقابلہ کے بعد جرمنی کے کوچ جیکویم لیو نے انکشاف کیا ہیکہ انہوں نے ماریو کو کہا کہ جاؤ اور دنیا کو بتادو کہ تم میسی سے بہتر کھلاڑی ہو۔ کوچ نے مزید کہا کہ ماریو ایک کرشماتی کھلاڑی ہیں جو کہ نہ صرف مختلف مقامات پر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن کارکردگی کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں جیسا کہ انہوں نے ارجنٹینا کے خلاف بھی وہ فرق پیدا کردیا جس کی بدولت جرمنی میں خطاب حاصل کرلیا۔ علاوہ ازیں جرمنی کے کوچ نے اپنی ٹیم کی بھی بھرپور ستائش کی جوکہ ایسی پہلی یوروپی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا جس نے مغربی امریکہ میں خطاب حاصل کیا ہے۔ جرمنی نے 4 مرتبہ خطاب کے قریب جانے کے باوجود کامیابی حاصل نہیں کی تھی لیکن 24 برس بعد اس نے عالمی چمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ ماریو کو کوچ نے مکمل مقابلہ کے دوران میدان میں نہیں اتارا بلکہ وہ مقابلہ کے دوران کافی وقت تک بنچ پر بیٹھے رہے لیکن فیصلہ کن وقت میں انہیں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اتارا گیا۔ کوچ نے مزید کہا کہ ہم گذشتہ 55 دنوں سے ایک ساتھ ہیں جبکہ ایک برس قبل ہم نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز کیا تھا جس کا اختتام ثمرآور نتیجہ پر ہوا ہے۔ لیو نے مزید کہا کہ ماضی میں ٹیم خطاب حاصل کرنے کے قریب تک پہنچ چکی تھی لیکن ٹیم کو کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی جس کی خواہش کی گئی تھی۔ جرمنی کے کوچ نے اپنے کیریئر کے نمایاں پہلوؤں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں برازیل کو 7-1 سے شکست دینا یادگار لمحہ ہے۔ دریں اثناء برازیل کی عوام سے اظہارتشکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شائقین نے ان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT