Monday , July 23 2018
Home / ہندوستان / دنیشور شرما سے کشمیری پنڈتوں کے وفد کی ملاقات

دنیشور شرما سے کشمیری پنڈتوں کے وفد کی ملاقات

کشمیری پنڈتوں کی بازآبادکاری سے متعلق مختلف مسائل پر مبنی مطالبات پیش
جموں ۔ 10 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کئی کشمیری پنڈتوں کی تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل ایک وفد نے آج مرکز کے خصوصی نمائندہ برائے کشمیر دنیشور شرما سے ملاقات کرکے اُن سے خواہش کی کہ ایک دستوری نظام بے گھر برادری کی فلاح و بہبود کے لئے قائم کیا جائے ۔ دنیشور شرما کو مرکز کی جانب سے گزشتہ ماہ ریاست جموں و کشمیر کے لئے اپنا نمائندہ مقرر کیا ہے ۔ اپنے جموں و کشمیر ریاست کے دورہ کے دوسرے مرحلے میں وہ کل شام جموں پہونچے تاکہ مختلف گروپس اور سیاسی پارٹیوں سے تبادلۂ خیال کرسکیں۔ انھوں نے گورنر این این ووہرا اور چیف منسٹر محبوبہ مفتی سے کل رات ملاقات کرکے ریاست سے دلچسپی رکھنے والوں کے پیش کردہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ کشمیری پنڈت وادی کشمیر میں اپنی بازآبادی کاری سے گہری دلچسپی رکھنے والا سب سے بڑا گروپ ہیں، چنانچہ اگر اُن سے طریقہ کار اور فوائد کے فیصلے میں اعظم ترین رائے حاصل نہ کی جائے تو یہ ناانصافی ہوگی ۔ کشمیری پنڈتوں کے نمائندوں نے ایک مشترکہ یادداشت میں جو دنیشورشرما کو پیش کی گئی یہ دعویٰ کیا۔ کشمیری پنڈتوں کے وفد کی قیادت بی جے پی رکن مقننہ ڈی ایل رائنا اور کل ہند کشمیری سماج ، کل ہند کشمیری پنڈت کانفرنس ، جموں و کشمیر قومی محاذ ، وچار منچ اور زیشتا دیوی پربندھک کمیٹی کے قائدین شامل تھے ۔ انھوں نے اپنی یادداشت میں تحریر کیا ’’یہ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت ایک نظام قائم کرے جو باقاعدگی سے برادری سے مذاکرات کرے اور منظورہ اُصولوں پر عمل کرے تاکہ فائدے حاصل ہوسکیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مقصد کا حصول ایک طریقہ سے بھی کیا جاسکتا ہے ۔ ایک فلاح و بہبود کا بورڈ گُجر بورڈ یا پہاڑی بورڈ کے خطوط پر ریاست کے مختلف اضلاع کے نمائندوں پر مشتمل قائم کیا جاسکتا ہے ۔ اس کا ایک صدرنشین متعلقہ برادری کے مسائل کا جائزہ لے گا ۔ رائنا نے شرما سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفد کے ارکان نے مندروں ، درگاہوں اور قبرستانوں کی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کا مسئلہ بھی اُٹھایا ۔ انھوں نے وزیراعظم روزگار پیکیج برائے نوجوان برادری کی ناقص عمل آوری کا الزام بھی عائد کیا ۔ قیادت نے ایک تحقیقاتی کمیشن کا مطالبہ بھی کیا جو وادی میں کشمیری پنڈتوں کے قتل کے واقعات اور بعد ازاں خروج کی تحقیقات کرے گا ۔

TOPPOPULARRECENT