Friday , May 25 2018
Home / شہر کی خبریں / دواخانہ عثمانیہ میں بہتر سہولیات کی فراہمی پر توجہ

دواخانہ عثمانیہ میں بہتر سہولیات کی فراہمی پر توجہ

اوقات ملاقات پر سختی سے عمل ۔ سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ناگیندر کا بیان
حیدرآباد 12 ڈسمبر (سیاست نیوز) دواخانہ عثمانیہ میں بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور مریضوں کی مناسب دیکھ بھال اور صفائی کے بہتر انتظامات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے مریضوں سے ملاقات کے اوقات پر سختی سے عمل آوری کی جائیگی ۔ اوقات ملاقات روزانہ 4 تا 6 بجے شام مقرر کئے گئے ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ عثمانیہ ہاسپٹل ڈاکٹر بی ناگیندر نے بتایا کہ انھوں نے دواخانہ کے آؤٹ پیشنٹ بلاک اور قلی قطب شاہ بلاک کا دورہ کرکے مریضوں سے ملاقات کرکے انھیں درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کی اور طبی سہولتوں کے تعلق سے آگہی حاصل کی ۔ بعدازاں دواخانہ عثمانیہ کے تمام صدور شعبہ جات سے تبادلہ خیال کرکے دواخانہ کے انتظامات اور مریضوں کو طبی سہولتوں کے علاوہ مختلف اُمور کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے کہاکہ دواخانہ میں شریک مریضوں سے ملاقات کیلئے من مانی کا موقع نہیں دیا جائے گا بلکہ مقررہ اوقات ملاقات پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ ڈاکٹر ناگیندر نے بتایا کہ دواخانہ میں شکایتی باکسیس اور مشورے کیلئے علیحدہ باکسیس کا انتظام کیا جائیگا۔ اِن پیشنٹ بلاک میں کالنگ بیل کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹائیفنڈ کے مطالبہ پر ہاؤز سرجنس احتجاجا ڈیوٹیوں کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔ اس کے باوجود دواخانہ میں مریضوں کو مشکلات پیش نہ آنے متبادل انتظامات کئے گئے۔ انہوں نے احتجاجی ہاؤز سرجنوں سے ڈیوٹی پر رجوع ہونے کی خواہش کی اور تیقن دیا کہ انھیں اسٹائیفنڈ فراہم کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر بی ناگیندر نے بتایا کہ دواخانہ عثمانیہ کے سابقہ موقف کو بحال کرنے اور مریضوں کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT