Friday , December 15 2017
Home / عرب دنیا / دوبئی فلم فیسٹیول: نصیرالدین شاہ کو کارنامۂ حیات ایوارڈ

دوبئی فلم فیسٹیول: نصیرالدین شاہ کو کارنامۂ حیات ایوارڈ

دوبئی۔ 9 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فلمی صنعت کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ کو دوبئی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران ہندی فلمی صنعت میں ان کی بیش بہا خدمات کے اعتراف کے طور پر کارنامۂ حیات ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ 66 سالہ نصیرالدین شاہ نے اپنے اب تک زائد از 200 فلموں میں مختلف کردار ادا کئے اور ان کا فلمی کیریئر 40 سال پر محیط ہے۔ نصیرالدین شاہ نیشنل اسکول آف ڈرامہ ، نئی دہلی کے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے 1975ء میں شیام بینیگل کی فلم ’’نشانت‘‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور تاحال وہ متعدد کمرشیل اور آرٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ ان کی سب سے زیادہ کامیاب کہلائی جانے والی کمرشیل فلم ’’تری دیو‘‘ کہلاتی ہے، جبکہ آرٹ فلموں اور متوازی فلموں میں اسپرش، پار، آکروش، مانسون ، ویڈنگ اور کتھا کے نام قابل ذکر ہیں۔ اس موقع پر نصیرالدین شاہ نے کہا کہ انہیں دوبئی آنا بہت اچھا لگتا ہے اور توقع ہے کہ اب کی بار انہیں ہندوستانی اور پاکستانی مداحوں سے تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔ دوبئی فلم فیسٹیول میں انہیں جس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، اس کے لئے وہ سب کے بے حد شکر گذار ہیں۔ فیسٹیول 16 ڈسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT