Sunday , September 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / دورۂ انگلینڈ،آئرلینڈ کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان، فواد عالم نظرانداز

دورۂ انگلینڈ،آئرلینڈ کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان، فواد عالم نظرانداز

لاہور۔15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورہ انگلینڈ اورآئرلینڈ کے لیے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بتایا کہ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے، جبکہ ٹیم کی بیٹنگ لائن کو مضبوط رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔انضام الحق کے بھانجے امام الحق کے ساتھ ساتھ فہیم اشرف، فخر زمان اور سعد علی کو پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ گزشتہ چند سالوں سے ڈومیسٹک سطح پر عمدہ کارکردگی دکھانے والے فواد عالم ایک مرتبہ پھر قومی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ آئندہ برس کرکٹ ورلڈ کپ انگلینڈ میں ہی کھیلا جائے گا، اور اس حوالے سے ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ٹیم میں سرفراز احمد کپتان)، اظہر علی، سمیع اسلم، امام الحق، بابر اعظم، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، شاداب خان، محمد عامر، محمد عباس، راحت علی، حسن علی، فہیم اشرف، سعد علی اور فخر زمان شامل ہیں۔سری لنکا کے خلاف سیریز میں شامل یاسر شاہ، شان مسعود، یاسر شاہ اور وہاب ریاض کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا کیونکہ یاسر اور اوپنر شان مسعود انجری کا شکار ہیں جبکہ وہاب ریاض مستقل ناقص کارکردگی کی وجہ سے ڈراپ کیے گئے۔انضمام الحق کا کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلر حسن علی نے ون ڈے میں قومی ٹیم کا بوجھ اٹھایا ہوا تھا، تاہم یہ خیال ہے کہ وہ ٹیسٹ میچز میں ٹیم کے لیے اچھا پرفارم کریں گے۔وہاب ریاض کے حوالے سے سوال کے جواب میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں، تاہم پچھلے کچھ عرصے کے دوران توقعات کے مطابق معیار پر پورا نہیں اترے۔خیال رہے کہ پاکستان ٹیم مئی اور جون میںآئرلینڈ، انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کا دورہ کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT