Sunday , July 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / دورۂ پاکستان، ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو اضافی معاوضہ

دورۂ پاکستان، ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو اضافی معاوضہ

کراچی۔21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ پاکستان میں ہونے والی ٹی20 سیریز میں صف اول کے کھلاڑیوں کی شرکت یقینی بنانے کے لیے اپنے کھلاڑیوں کو اضافی معاوضہ دینے کافیصلہ کیا ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان یکم، 2 اور 3 اپریل کو تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کراچی میں کھیلی جائے گی اور ویسٹ انڈیز کے اہم کھلاڑیوں کی شرکت یقینی بنانے ویسٹ انڈین بورڈ اپنے کھلاڑیوں کو اضافی معاوضہ دے گا۔تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز بورڈ پاکستان سے سیریز کیلیے 13رکنی اسکواڈ کا اعلان کرے گا اور ممکنہ طور پر سیریز کے لیے منتخب کھلاڑیوں کو اضافی طور پر 25ہزار ڈالر کی خطیر رقم ادا کی جائے گی۔یہ سیریز فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ نہیں اس لئے پاکستان کرکٹ بورڈ سیریز کے لئے ویسٹ انڈیز بورڈ کو رقم ادا کرے گا اور کھلاڑیوں کو اس میں سے رقم کی ادائیگی کی جائے گی۔کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جونی گریو نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر مزید کرکٹ کھیلنا چاہتا ہے اور وہ آئندہ سال پاکستان سوپر لیگ کا آدھا ایڈیشن اور دوطرفہ سیریز کے اکثر میچز پاکستان میں کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ اس دورے سے ہرگز کوئی مالی فائدہ نہیں اٹھا رہا اور یہ اقدام پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے اٹھایا گیا ہے۔یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں کرکٹ کی واپسی کے لیے غیرملکی کھلاڑیوں کو رقم کی ادائیگی کرے گا بلکہ اس سے قبل جب 2015 میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان آئی تھی تو ان کے کھلاڑیوں کو ساڑھے12 ہزار ڈالر فی کس ادا کیے گئے تھے۔ا گزشتہ سال لاہور میں پاکستان سوپر لیگ کے فائنل کے لیے آنے والے کھلاڑیوں کو بھی ان کے معاہدے کے علاوہ اضافی رقم ادا کی گئی تھی جبکہ ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کو بھی پاکستان آنے پر معاوضہ ادا کی گیا تھا۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ زمبابوے میں ورلڈ کپ کوالیفائر کھیلنے والی ٹیم کے کون کون سے کھلاڑی پاکستان آئیں گے، لیکن ذرائع کے مطابق ڈیوین براوو، ڈیرن براوو، کیرون پولارڈ، سنیل نارائن اور آندرے رسل پاکستان نہیں آ رہے کیونکہ رسل اور ڈیوین براوو زخمی ہیں جبکہ سنیل نارائن، پولارڈ پاکستان آنے سے انکار کر چکے ہیں۔ڈیرن براوو کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں لیکن ممکنہ طور پر سیمیول بدری، ریاض ایمرت اور دنیش رامدین پاکستان آنے والی ویسٹ انڈیز ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT