Wednesday , December 12 2018

دورۂ پاکستان کیلئے ویسٹ انڈیز ٹیم میں گیل نہیں

جمائیکا ۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 3 ٹوئنٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے 13رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور کارلوس بریتھ ویٹ کی جگہ ٹیم کی قیادت جیسن محمد کریں گے۔سیکیورٹی مسائل کے سبب ویسٹ انڈیز کے اکثر تجربہ کار اور اسٹار کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے اور ٹیم میں اکثر نوجوان اور ناتجربہ کار کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔کرس گیل، براوو برادران، سنیل نارائن, جیسن ہولڈر اور کیرن پولارڈ نے پاکستان آنے سے انکار کردیا جس کے سبب بورڈ کو نوجوان کھلاڑیوں پر انحصار کرنا پڑا۔ویسٹ انڈیز کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جونی گریو نے کہا کہ کراچی میں پاکستان سوپر لیگ کے فائنل کے کامیاب انعقاد کے بعد ہمارا اسکواڈ 3 ٹوئنٹی20 میچوں کی سیریز کے لئے پاکستان جائے گا اور ہم نے یہ قدم اپنے دوست پاکستان کرکٹ بورڈ کی ملک میں کرکٹ میں واپسی میں مدد کرنے کے لیے یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ کپتان کارلوس بریتھ ویٹ سمیت چند اہم کھلاڑیوں نے سیکیورٹی وجوہات کے سبب دورہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن ہم سمجھتے ہیں ان کی غیرموجودگی میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ عمدہ کارکردگی دکھا کر مستقبل میں ٹیم میں انتخاب کی راہ ہموار کریں۔کارلوس بریتھ ویٹ کے انکار کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم کی قیادت ٹوئنٹی20 کے نائب جیسن محمد کے سپرد کی گئی ہے جبکہ اسکواڈ میں 4 ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ابھی تک اپنا پہلا مقابلہ نہیں کھیلا ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹوئنٹی20 میچوں کی سیریز یکم، 2 اور 3 اپریل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کے لئے ویسٹ انڈیز اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔جیسن محمد(کپتان)، سیمیول بدری، دنیش رامدین، ریاض ایمرت، آندرے فلیچر، آندرے میک کارتھی، کیمو پال، سیراسیمی پرمال، روومین پاول، مارلن سیمیولز، اوڈن اسمتھ، چیڈوک والٹن اور کیسرک ولیمز۔ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹورٹ لا، اسسٹنٹ کوچ الفونسو تھامس کے ساتھ باقی کوچنگ اور سپورٹنگ اسٹاف جبکہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے اہم عہدیدار بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT