Saturday , November 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / دورہ انگلینڈ ‘ عامر کے ویزا کی درخواست داخل

دورہ انگلینڈ ‘ عامر کے ویزا کی درخواست داخل

کراچی ۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کے ویزا کیلئے درخواست برطانوی سفارتخانے میں جمع کرادی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق محمد عامر کی ویزا کی درخواست اور بایومیٹرک کا عمل مکمل کرتے ہوئے تمام تر تقاضے پورے کر لئے ہیں۔واضح رہے 2010 میں پاکستانی ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر اس وقت کے کپتان سلمان بٹ، فاسٹ بولر محمد آصف اور محمد عامر کو پانچ سال پابندی عائد کی گئی تھی جو گزشتہ سال مکمل ہوئی جس کے بعد عامر کو پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کی اجازت دی تھی اور عامر نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت دورہ نیوزی لینڈ سے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی اور پھر متاثر کن کھیل کی بدولت ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی ٹیم میں جگہ بنانے میں بھی کامیاب رہے۔ تاہم دورہ برطانیہ کیلئے ٹیم میں ان کی شمولیت کا انحصار ویزا کے حصول سے مشروط ہے کیونکہ اسی ملک میں ان کو اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں چھ ماہ قید ہوئی تھی۔  ذرائع کے مطابق بورڈ نے عامر کے معاملے کو خصوصی قرار دیتے ہوئے ان کے ویزا کے حصول کیلئے ہر ممکن کوشش کی اور اب مکمل انحصار برطانوی ویزا حکام پر ہے۔ کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے ویزا قوانین کے تحت اگر کسی شخص کو 12 ماہ سے لے چار سال تک کی سزا سنائی گئی ہو تو ویزا انٹری کلیرنس آفیسر کے لئے لازم ہے کہ وہ دس برس تک اس کی ویزا درخواست کو مسترد کر دے۔ جیل سے جلدی رہائی کی اسکیم کے تحت رہا ہونے والے افراد کو قانون کی نظر میں ملک بدر ہی سمجھا جاتا ہے اور وہ سزا کی مدت کے خاتمے کے دس سال تک واپس برطانیہ میں آنے کے اہل نہیں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT