Wednesday , November 22 2017
Home / پاکستان / دوستی بس کے بعد سمجھوتہ ایکسپریس بھی بحال

دوستی بس کے بعد سمجھوتہ ایکسپریس بھی بحال

لاہور ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی ریاست ہریانہ میں پرتشدد مظاہروں کے بعد معطل کی جانی والی سمجھوتہ ایکسپریں کو بحال کردیا ہے اور جمعرات کو ٹرین ہندوستان کے لیے روانہ ہوگئی۔ اس ٹرین پر 140 مسافر ہندوستان گئے ہیں جن میں ہندوستان واپس جانے والے ہندوستانی شہری اور پاکستانی سیاح دونوں شامل ہیں۔ سمجھوتہ ایکسپریں ہفتے میں دو دن پیر اور جمعرات کو چلتی ہے لہٰذا تعطل کے دوران صرف پیر کے روز ہی ٹرین سروس نہیں چلائی جا سکی۔ اس سے قبل چہارشنبہ کو لاہور سے نئی دہلی کے درمیان دوستی بس سروس دو دن کے تعطل کے بعد بحال کر دی گئی تھی۔ بس چلانے والے محکمے پاکستان ٹوارزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے حکام کے مطابق چہارشنبہ کی صبح 25 مسافر دوستی بس کے ذریعے لاہور سے دہلی گئے۔ لاہور، دہلی بس سروس اور سمجھوتہ ایکسپریس کو گذشتہ دنوں حکومت ہند کی درخواست پر بند کیا گیا تھا۔ ہندوستان کے دارالحکومت دہلی سے ملحقہ ریاست ہریانہ میں جاٹ برادری کے احتجاج اور پرتشدد ہنگاموں کے باعث وہاں امن وا مان کی صورتحال کافی خراب تھی اور حکومت ہند کی جانب سے بس اور ٹرین کو سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کی گئی تھی۔ ان ہنگاموں میں تین دن کے دوران متعدد افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ دوستی بس اور سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین نہ چلائے جانے پر ہندو پاک میں پھنسے مسافروں کو شدید مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں ملکوں کی حکومتوں نے دونوں جانب پھنسے مسافروں کے ویزوں میں توسیع کردی تھی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT