Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / دولت مند طبقہ کی امریکہ منتقلی پر غور

دولت مند طبقہ کی امریکہ منتقلی پر غور

ایچ بی ویزا قوانین میں سختی کے بعد سرمایہ کاری ویزا درخواستوں میں اضافہ
حیدرآباد۔24ستمبر(سیاست نیوز) ہندستان طبقہ امراء کے لئے غیر محفوظ ہوتا جا رہا ہے یا دولتمند طبقہ ہندستان میں رہنے کے بجائے امریکہ ہجرت کے متعلق غور کر نے لگا ہے؟ امریکہ میں H-1Bویزا قوانین میں سختی کے بعد سرمایہ کاری ویزے کے متعلق تحقیق اور درخواستوں میں اضافہ ہونے لگا ہے اور جن خاندانوں کے بچے H-1Bویزا حاصل کرتے ہوئے امریکہ میں تعلیم یا ملازمت اختیار کئے ہوئے تھے اب وہ EB-5ویزے کے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں ‘اس ویزے کے حصول کیلئے امریکہ میں سرمایہ کاری لازمی ہوتی ہے اور ویزے کا دوسرا نام ہی ’انویسٹرویزا‘ ہے ۔ حکومت امریکہ کی جانب سے جاریہ سال کے دوران EB-5 ویزا کے ریجنل مراکز کے ذریعہ ادخال کی تاریخ میں دو مرتبہ توسیع اس بات کی ثبوت ہے کہ اس سلسلہ میں درخواستیں بڑی تعداد میں موصول ہو نے لگی ہیں اور لوگ اس امیگریشن ویزا کے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق H1-Bویزا کے سلسلہ میں کی جانے والی سختیوں کے بعد اس ویزا کے حصول کی کوشش کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اس دوڑ میں ہندستانیوں کی بھی بڑی تعداد ہے جو امریکہ میں سرمایہ کاری کے ذریعہ عارضی شہریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ امریکہ میں پرسکون زندگی گذار سکیں۔ہندستان جو کہ بیرونی سرمایہ کاری کے حصول کیلئے کوشاں ہے وہیں ہندستانی شہری امریکہ میں سرمایہ کاری کے متعلق غور کر رہے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ امریکہ میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے ملازمت کرنے والے لاکھوں طلبہ میں ایسے بھی ہیں جن کے سرپرستوں کا شمار متمول طبقہ میں ہوتا ہے اور وہ اپنے ویزا کو تبدیل کروانے کے لئے امریکہ میں سرمایہ کاری کے متعلق معلومات اکٹھا کر رہے ہیں تاکہ شہری حقوق رکھتے ہوئے پرسکون زندگی گذارنے کے ساتھ ساتھ ملازمت بھی اختیار کرنے کے موقف میں رہ سکیں۔EB-5ویزا کے ادخال کے لئے حکومت امریکہ نے 28اپریل کی آخری تاریخ میں توسیع دیتے ہوئے اسے 30 ستمبر کیا تھا لیکن اب اس آخری تاریخ میں بھی 8 ڈسمبر تک کی توسیع دیدی گئی ہے جس سے اس بات کا اندازہ لگا یا جا رہا ہے کہ دنیا کے مختلف حصوں سے لوگ امریکہ میں سرمایہ کاری کے متعلق غور کر رہے ہیں ۔ایمگریشن قوانین کے متعلق رہبری کرنے والے وکلاء نے بھی اس بات کی توثیق کی ہے کہ امریکہ میں H1-B ویزا قوانین میں سختی کے بعد سرمایہ کاروں کو فراہم کئے جانے والے ویزا کے متعلق معلومات حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور متمول طبقہ اس ویزے کے حصول کے لئے کوششوں کا آغاز کر تے ہوئے درخواستیں داخل کرنے لگا ہے تاکہ امریکہ میں رہنے والے ان کے لڑکے لڑکیوں کو کوئی مشکل نہ ہو اور ضرورت پڑنے پر وہ بھی منتقل ہو نے کے موقف میں رہ سکیں۔

TOPPOPULARRECENT