Wednesday , September 19 2018
Home / Top Stories / دونوں شہروں اور مضافات میں طوفانی بارش ‘ تیز ہوائیں

دونوں شہروں اور مضافات میں طوفانی بارش ‘ تیز ہوائیں

بھاری گرج چمک ‘ٹریفک نظام درہم برہم ‘شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں غرق ‘ درجہ حرارت میں کمی
حیدرآباد 6 اپریل ( سیاست نیوز ) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں آج شام اچانک اور طوفانی بارش نے شام کے مصروف اوقات میں معمولات کو درہم برہم کرکے رکھ دیا ۔ سہ پہر سے ہی موسم میں تبدیلی آئی تھی اور مطلع ابر آلود ہوگیا تھا تاہم ہوائیں زیادہ نہیں تھیں۔ مغرب کے بعد سے موسم میںاچانک تبدیلی شروع ہوئی اوررات 8 بجے سے طوفانی بارش کا آغاز ہوگیا ۔ شہر کے کچھ حصوں میں بارش کا آغاز ہوا جو بتدریج دونوں شہروں کے تقریبا تمام علاقوں تک پھیل گیا ۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں بھی بھاری بارش کی اطلاعات ملی ہیں۔ شمس آباد ‘ ملکاجگری ‘ بوئن پلی ‘ پٹن چیرو ‘ کوکٹ پلی وغیرہ سے بھی بھاری بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی اطلاع ملی ہے ۔ بارش سے جہاں گرمی سے راحت ملی اور موسم خوشگوار ہوگیا وہیں ٹریفک نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ۔ شہر میں کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے راہ گیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس کے علاوہ آج کی بارش کے بعد سب سے زیادہ پریشانی برقی سربراہی مسدود ہونے کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ بارش کے بعد شہر کا ایک بڑا حصہ تاریکی میں غرق ہوگیا اور کوئی بھی برقی عملہ دستیاب نہیں ہوسکا ۔ کئی علاقوں میں عوام نے تین تا چار گھنٹوں تک برقی مسدود رہنے کی شکایت کی ہے اور کہا کہ برقی کے دفاتر یا عہدیداروں کو فون کرنے پر یا تو کوئی جواب ہی نہیں مل سکا یا پھر کوئی جواب ملا تو وہ اطمینان بخش نہیں تھا ۔ خود برقی کا عملہ اور عہدیدار یہ بتانے سے قاصر تھے کہ برقی سربراہی کب بحال ہوگی ۔

کئی علاقوں میں اچانک بارش سے پانی جمع ہوجانے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔ شہر کے اہم مقامات اور ٹریفک جنکشنوں پر بارش کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہوئی ۔ ٹریفک جام کی وجہ سے بھی مشکلات پیش آئیں۔ بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے کچھ مقامات پر درخت اکھڑ جانے کی بھی اطلاع ہے ۔ نظام کالج کے پاس ایک قدیم درخت تیز ہواوں کی وجہ سے گرگیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوگئی ۔ اسی طرح ڈھلان والی سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں مشکلات پیش آئیں اور کچھ مقامات پر ٹریفک پولیس کے عملہ کو سڑک کو صاف کرتے اور پانی کے بہاؤ کے انتظامات کرتے دیکھا گیا ۔ پرانی حویلی روڈ پر ایک زیر تعمیر عمارت کے باہر تعمیری کام کیلئے باندھا گیا حصہ منہدم ہوگیا ۔ اسی طرح گولی گوڑہ علاقہ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے دو دوکانوں میں آگ لگنے کی بھی اطلاع ملی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شہر میں خیریت آباد علاقہ میں 52.5 ملی میٹر ‘ نامپلی میں 38.5 ملی میٹر ‘ سعید آباد ‘ آسمان گڑھ میں 32 ملی میٹر ‘ سرینگر کالونی میں 31.3 ملی میٹر ‘ امیر پیٹ اور میتری ونم میں 26.5 ملی میٹر ‘ پٹن چیرو ‘ پاشامیلارم میں 24.5 ملی میٹر ‘ گولکنڈہ میں 17.3 ملی میٹر ‘ سیری لنگم پلی میں 12.8 ملی میٹر اور مشیر آباد میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ نصف شب تک بھی شہر کے کئی علاقوں میں برقی سربراہی بحال نہیں ہوسکی تھی ۔ بارش اور ہواؤں سے درجہ حرارت میں بھی خاطر خواہ گراوٹ آئی اور موسم سرد ہوگیا ۔

TOPPOPULARRECENT