Saturday , June 23 2018
Home / دونوں شہروں میں جشن یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا

دونوں شہروں میں جشن یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا

سرکاری دفاتر ، اسکولس اور دیگر مقامات پر پرچم کشائی ، کلچرل پروگرام ، قائدین کا خطاب

سرکاری دفاتر ، اسکولس اور دیگر مقامات پر پرچم کشائی ، کلچرل پروگرام ، قائدین کا خطاب
حیدرآباد۔15اگست ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں 68ویں جشن یوم آزادی کا جوش و خروش کے ساتھ اہتمام کیا گیا ۔ شہر میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے مرکزی دفاتر پر ترنگا لہراتے ہوئے جشن آزادی کا اہتمام ہوا ۔ اسی طرح شہر بھر میں مختلف چوراہوں ‘ اسکولس ‘ بازاروں کے علاوہ ادارہ جات کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر ترنگا لہراتے ہوئے مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ حیدرآباد و سکندرآباد کے بیشتر اسکولوں میں یوم آزادی کے موقع پر طلبہ نے کلچرل پروگرامس پیش کئے ۔ علاوہ ازیں اسکولی طلبہ کو مجاہدین آزادی کے کردار سے واقف کروانے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے مختلف پروگرامس پیش کئے گئے ۔ سیاسی جماعتوں کے دفاتر میں سیاسی قائدین نے ترنگا لہراتے ہوئے 68ویں یوم آزادی تقریب منائی اور اس موقع پر مجاہدین آزادی کو خراج پیش کرنے کے ساتھ ساتھ حقیقی آزادی کے حصول کیلئے جدوجہد کو ناگزیر قرار دیا گیا ۔ سرکاری دفاتر میں متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں نے ترنگا لہرایا ۔ کانگریس پارٹی تلنگانہ ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں منعقدہ یوم آزادی تقریب میں بیشتر قائدین نے شرکت کی اور ترنگا لہراتے ہوئے ملک بھر میں آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والوں کو خراج پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر کانگریس قائدین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی آزادی کیلئے جن لوگوں نے قربانیاں دی ہیں اُس کے متعلق نئی نسل کو واقف کرواتے ہوئے آزادی کی اہمیت کو اُجاگر کرنا ضروری ہے ۔ ان قائدین نے بتایا کہ ملک بھر میں جدوجہد آزادی میں حصہ لینے والوں نے ہندوستانی عوام کو برطانوی سامراج سے نجات دلانے کیلئے جو جدوجہد کی ہے اس کی کوئی مثال پیش نہیں کی جاسکتی ۔ تلگودیشم پارٹی کے صدر دفتر واقع این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں بھی جشن آزادی تقریب کا اہتمام عمل میں لایا گیا ۔ سی پی آئی اور سی پی ایم کے دفاتر میں بھی جشن آزادی تقریب منعقد ہوئی ۔ عام آدمی پارٹی کے تلنگانہ دفتر میں منعقدہ جشن آزادی تقریب میں ایک مقامی موچی کے ذریعہ ترنگا لہرایا گیا اور سلامی دی گئی ۔ حیدرآباد ہائیکورٹ میں جسٹس کلیان جیوتی سین گپتا نے ترنگا لہرایا ۔ اسمبلی ‘ حج ہاؤز‘ فارسٹ ڈپارٹمنٹ ‘ آر بی آئی ‘ ریلوے ‘ پولیس اسٹیشنس ‘ ڈی جی پی دفاتر کے علاوہ دیگر سرکاری دفاتر میں بھی ترنگا لہراتے ہوئے جشن آزادی کا اہتمام کیا گیا ۔شہر کے مختلف کاروباری اداروں کے علاوہ خانگی دفاتر کو بھی یوم آزادی کے موقع پر خصوصی طور پر سجایا گیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT