Sunday , November 18 2018
Home / Top Stories / دونوں شہروں میں شب معراج کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام

دونوں شہروں میں شب معراج کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام

تاریخی مکہ مسجد میں اجتماع ، مسجد چوک میں مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں شب معراج خصوصی عبادات و اور دعاؤں کے ساتھ منائی گئی ۔ شب معراج دراصل رمضان المبارک سے قربت کا پیام ہے اور یہاں سے مسلمان رمضان المبارک کی تیاریوں میں مصروف ہوجاتے ہیں ۔ شب معراج کے موقعہ پر مساجد اور دیگر مقامات پر عام جلسوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں علماء و مشائخ نے واقعات سفر معراج بیان کرتے ہوئے مسلمانوں کو عبادات کے اہتمام کی تلقین کی ۔ علما کرام نے کہا کہ شب معراج کا پیام یہی ہے کہ ہم نیکیوں کو اختیار کرتے ہوئے برائیوں سے بچنے کا عہد کریں ۔ نمازوں کے اہتمام کو لازمی کرلیا جائے کیوں کہ سفر معراج پر امت محمدی کے لیے اللہ سبحانہ تعالی کا تحفہ ہے علماء کرام ، مشائخ عظام اور عمائدین نے کہا کہ عالم اسلام میں مسلمانوں کو درپیش مسائل دراصل امتحان ہے اور یہ احکام الہٰی اور اسوہ حسنہ سے دوری کا نتیجہ ہے ۔ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے میں ہی دنیا و آخرت کی بھلائی مضمر ہے ۔ شب معراج کے موقعہ پر مغرب سے ہی مساجد میں مصلیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ۔ نماز عشاء میں ہر بڑی چھوٹی مسجد فرزندان توحید سے بھر چکی تھی ۔ جلسے ہائے شب معراج کے علاوہ محافل نعت کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ پرانے شہر اور نئے شہر کی مساجد کو روشنیوں سے منور کیا گیا تھا ۔ شب معراج کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی مکہ مسجد میں دیکھا گیا ۔ جناب محمد عبدالقدیر صدیقی سپرنٹنڈنٹ کی نگرانی میں انتظامات کئے گئے تھے ۔ حافظ محمد عثمان نے نماز عشاء کی امامت کی ۔ مسجد چوک ، جامع مسجد دارالشفاء ، مسجد افضل گنج ، مسجد حکیم وزیر علی ، مسجد یکمینار نامپلی ، جامع مسجد بارکس اور دیگر مساجد میں بڑے اجتماعات دیکھے گئے جہاں فرزندان توحید نوافل ، تلاوت قرآن اور دعاوں میں رات بھر مصروف رہے ۔ امارت املت اسلامیہ کے زیر اہتمام جامع مسجد چوک میں جلسہ معراج النبیؐ منعقد ہوا ۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ، مولانا غوث محی الدین حسامی ، مولانا ظفر احمد جمیل حسامی اور دوسروں نے مخاطب کیا ۔ کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام قلی قطب شاہ اسٹیڈیم پر جلسہ معراج النبیؐ منعقد ہوا ۔ مولانا مفتی سرتاج احمد رضوی مراد آباد اور مولانا توصیف رضا بانی اور دوسروں نے خطاب کیا ۔ گورنمنٹ جونیر کالج گراونڈ چنچل گوڑہ میں کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام معراج النبیؐ کانفرنس سے مولانا غلام رسول حسامی ، مفتی غفران رضا ، مفتی محمد قاسم القادری اور دوسرے علماء نے خظاب کیا ۔ مرکزی انجمن قادریہ کے زیر اہتمام میلاد میدان خلوت پر جشن معراج النبیؐ سے مولانا سید شاہ حامد محمد قادری ، مولانا سید محمد طلحہ میاں اشرفی اور ڈاکٹر سید شاہ محمود صفی اللہ وقار پاشاہ نے مخاطب کیا ۔ ان عام جلسوں میں ہزاروں سامعین نے شرکت کی ۔ عام جلسے رات دیر گئے تک جاری رہے ۔ شب معراج کے سلسلہ میں پولیس نے بھی معقول انتظامات کئے تھے ۔ اعلیٰ عہدیدار انتظامات کی نگرانی کررہے تھے ۔ کئی مساجد میں مسجد اقصیٰ کی بازیابی اور فلسطینیوں کے لیے دعاوں کا اہتمام کیا گیا ۔ مقررین نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات سے مسلمانوں کو پست ہمت یا مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ۔ اتحاد بین المسلمین سے صورتحال کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT