Wednesday , January 24 2018
Home / شہر کی خبریں / دونوں شہروں میں موسمی ،وبائی امراض ، پانی اہم وجہ

دونوں شہروں میں موسمی ،وبائی امراض ، پانی اہم وجہ

ناقص صفائی اور مچھروں کی کثرت تشویشناک ، امراض سے بچنے کے لیے موثر صفائی اور صاف پانی کا استعمال بہتر

ناقص صفائی اور مچھروں کی کثرت تشویشناک ، امراض سے بچنے کے لیے موثر صفائی اور صاف پانی کا استعمال بہتر
حیدرآباد 8 نومبر ( سیاست نیوز ) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں ان دنوں وبائی امراض کا زور ہے ۔ عوام کی کثیر تعداد ان امراض کا شکار ہے اور سرکاری و خانگی دواخانوں میں مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ تیز بخار ‘ نزلہ ‘ کھانسی ‘ دست و قئے اور امراض شکم کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ بعض مریضوں میں دیگر عوارض بھی دیکھے جا رہے ہیں۔ ایسے وقت میں جبکہ ڈینگو کے اندیشے تقویت پاتے جا رہے ہیں معمولی امراض بھی پریشانی کا باعث ہوسکتے ہیں۔ خاص طور پر مچھروں کی کثرت اور صفائی کے ناقص انتظام کی وجہ سے یہ امراض شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ کمسن بچے ‘ اسکولی طلبا ‘ نوجوان اور بوڑھے مرد و خواتین سبھی ان وبائی امراض کا شکار ہوتے جا رہے ہیں ۔ ماہرین صحت اور ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی اور صفائی کے فقدان کی وجہ سے ایسے امراض میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ علاوہ ازیں سب سے اہم وجہ پانی کو بھی قرار دیا جا رہا ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ جو پانی نلوں سے سربراہ کیا جارہا ہے حالانکہ وہ صفائی کے مراحل سے گذار کر سربراہ کیا جاتا ہے اس کے باوجود اس کے استعمال سے امراض پھیل رہے ہیں۔ دونوں شہروں کو جن ذخائر آب سے پانی سربراہ ہوتا ہے ان کی تہوں میں جو گندگی ہے اس کی عدم صفائی اور سطح آب میں کمی کی وجہ سے آلودگی کے اثرات کو پوری طرح ختم کرنے میں مشکل ہوتی ہے ایسے میں نلوں سے جو پانی سربراہ کیا جارہا ہے اس کے استعمال سے امراض کو فروغ حاصل ہو رہا ہے ۔ ماہرین صحت اور ڈاکٹرس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان وبائی اور موسمی امراض سے بچنے کیلئے پانی کو اچھی طرح سے گرم کرکے استعمال کریں۔ پانی کو اچھی طرح ابال کر پھر اسے ٹھنڈا کرنے کے بعد استعمال کریں ۔ خاص طور پر بچوں کے معاملہ میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے اور انہیں دیا جانے والا پانی اچھی طرح گرم کرنے کے بعد ہی استعمال کرنے کی ضرورت ہے ۔ احتیاط کے تقاضوں کی تکمیل کیلئے پکوان کیلئے بھی جو پانی استعمال ہوتا ہے ممکن ہوسکے تو اسے بھی استعمال سے قبل گرم کرکے استعمال کریں اس طرح سے وبائی امراض سے بچنے میں ممکنہ حد تک مدد مل سکتی ہے ۔ اس کے علاوہ اپنے گھروں میں صفائی کا خاص طور پر خیال رکھا جائے اور کچرہ یا گندہ پانی جمع ہونے نہ دیا جائے کیونکہ یہیں سے مچھروں کی افزائش ہوتی ہے اور ان مچھروں سے وبائی امراض پھیلتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT