Tuesday , September 25 2018
Home / Top Stories / دونوں شہروں کے بعض مقامات پر بارش

دونوں شہروں کے بعض مقامات پر بارش

گرمی سے پریشان عوام کو راحت ، طوفانی ہوائیں چلیں گی

حیدرآباد۔22جون(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے نواحی علاقوں کے علاوہ شہر کے بعض مقامات ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی لیکن شہر کے بیشتر علاقوں میں صرف مطلع ابر آلود رہا۔ شہر کے اطراف علاقو ںمیں ہونے والی بارش سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادایمرجنسی عملہ کو فوری متحر کردیا اور بلدیہ کی جانب سے بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے پانی جمع ہونے کے مقامات پر فوری رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ترملگیری‘ بیگم پیٹ‘ قطب اللہ پور‘ مونڈا مارکٹ بی ایچ ای ایل اور مشیرآباد میں 25ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ عنبر پیٹ ‘نامپلی ‘ بالا نگر‘ نارائن گوڑہ‘ خیریت آباد ‘ کاپرا اور مہدی پٹنم کے علاقوں میں 2تا10ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔دونوں شہروں میں جی ایچ ایم سی نے ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی عملہ کو متحرک رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی مشکل پیدا نہ ہو اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے روکا جاسکے۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ احکام کے مطابق تمام زونل کمشنران کو ایمرجنسی عملہ چوکس کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ راڈر پر موجود تفصیلات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کے باعث جی ایچ ایم سی نے چوکسی اختیار کی ہوئی ہے۔ دن بھر کے دوران شہر کے اطراف کے علاقو ںمیں ہوئی بارش کی کے ریکارڈ کے مطابق سب سے زیادہ بارش ترملگیری میں ریکارڈ کی گئی جہاں 34.5ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ بیگم پیٹ میں 32ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے اسی طرح قطب اللہ پور میں 31ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔گجلہ رامارم میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور پٹن چیرو ‘ رامچندرا پورم اور مشیر آباد میں 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔سب سے کم بارش جوبلی ہلز میں ریکارڈ کی گئی جہاں 0.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کئے جانے کی اطلاع ہے۔ اسی طرح خیریت آباد ‘ میتریوانم میں 1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ گوشہ محل میں 3ملی میٹر اور عنبر پیٹ میں 6ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے بموجب شہر اور اطراف کے علاقو ںمیں مطلع ابر آلود ہے اور آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT