Wednesday , December 12 2018

دونوں شہروں کے پندرہ اسمبلی حلقوں کی آج رائے شماری

تیاریاں مکمل ، کاونٹنگ اسٹاف کو خصوصی ہدایت ، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کا جائزہ اجلاس

تیاریاں مکمل ، کاونٹنگ اسٹاف کو خصوصی ہدایت ، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔/15مئی، ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے 15اسمبلی حلقوں کی رائے شماری کل 16مئی کو منعقد ہوگی، جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اور ان کے ماتحت عہدیداروں نے آج مختلف رائے شماری مراکز کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ رائے شماری کے سلسلہ میں متعین کئے گئے عہدیداروں کو مناسب ٹریننگ دی گئی ہے۔ دونوں شہروں میں 15اسمبلی حلقہ جات کے علاوہ دو پارلیمانی نشستیں بھی آتی ہیں جن کیلئے بیک وقت رائے شماری ہوگی۔ کاؤنٹنگ اسٹاف کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صبح 6:30 بجے اپنے متعلقہ مراکز پر رپورٹ کریں۔ اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں صبح 6:30بجے اسٹرانگ رومس کھولے جائیں گے جہاں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو محفوظ رکھا گیا ہے۔ اسی وقت کاؤنٹنگ اسٹاف کو متعلقہ ٹیبلس پر ذمہ داری سنبھالنی ہوگی۔ صبح 8بجے سے رائے شماری کا آغاز ہوگا اور پہلے پوسٹل بیالٹس کی گنتی ہوگی جو توقع ہے کہ نصف گھنٹہ میں مکمل ہوجائے گی۔ 8:30بجے سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں محفوظ ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا۔ توقع کی جارہی ہے کہ رائے شماری کا ہر راؤنڈ 20منٹ میں مکمل ہوجائے گا۔ اسمبلی اور پارلیمنٹ کی نشستوں کیلئے ہر مرکز پر 12کاؤنٹنگ ٹیبلس قائم کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی جانچ کیلئے دو زائد ٹیبلس لگائے جائیں گے۔ رائے شماری کی نگرانی کیلئے 3عہدیدار تعینات رہیں گے۔ اس کے علاوہ ہر کاؤنٹنگ ٹیبل پر ایک مائیکرو آبزرور ہوگا جو رائے شماری کی باریک بینی سے جانچ کرے گا۔ ہر راؤنڈ کی تکمیل کے بعد متعلقہ آبزرور کی منظوری کے بعد نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ شہر کے اسمبلی حلقوں میں سب سے پہلا نتیجہ حلقہ اسمبلی چارمینار کا منظر عام پر آئے گا جہاں 179 پولنگ اسٹیشنس اور رائے شماری کے 15ٹیبلس ہیں۔ رائے شماری 13مرحلوں میں مکمل کرلی جائے گی۔ حلقہ یاقوت پورہ کا نتیجہ آخری ہوسکتا ہے جہاں 243پولنگ اسٹیشنس ہیں اور 12ٹیبلس پر 21مراحل میں رائے شماری کی تکمیل ہوگی۔ رائے شماری کیلئے شہر کے مختلف مقامات پر 15مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں سخت ترین حفاظتی انتظامات ہوں گے۔ پارلیمانی حلقوں حیدرآباد و سکندرآباد کے ووٹوں کو یکجا کرتے ہوئے متعلقہ ریٹرننگ آفیسرس نمائش میدان اور کوٹلہ وجئے بھاسکر ریڈی اسٹیڈیم یوسف گوڑہ سے نتائج کا اعلان کریں گے۔ حیدرآباد پارلیمانی حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر ضلع کلکٹر این کے مینا ہیں۔ رائے دہی کے مراکز پر تین مراحل کی سیکورٹی تعینات کی گئی ہے اور مرکزی نیم فوجی دستوں کو اسٹرانگ روم پر تعینات کیا گیا ہے۔ رائے دہی کے مراکز پر ہر راؤنڈ کے نتیجہ کے اعلان کیلئے پبلک اڈریس سسٹم اور ڈسپلے بورڈز لگائے جائیں گے۔ رائے شماری میں کسی بھی تکنیکی خرابی سے نمٹنے کیلئے ای سی آئی ایل کے انجینئرس کو تیار رکھا جائے گا۔ حلقہ جات اور رائے شماری کے مراکز کی تفصیل اس طرح ہے۔

TOPPOPULARRECENT