Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / دوکانات رات دیر گئے تک کھلی رکھنے والوں کو جیل

دوکانات رات دیر گئے تک کھلی رکھنے والوں کو جیل

جوبلی ہلز میں مسلسل 6مرتبہ خلاف ورزی کرنے والے کو 3دن کی سزاء، دونوں شہروں میں سخت کارروائی
حیدرآباد ۔ /13 اپریل (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں مقررہ وقت سے زیادہ دیر تک دکانات کھلے رکھنے والوں کے خلاف پولیس اب سخت کارروائی کررہی ہے۔ ویسٹ زون کے علاقہ جوبلی ہلز میں رات دیر گئے تک مسلسل چھ مرتبہ تجارتی ادارہ کھلا رکھنے کے الزام میں جرمانہ کئے جانے والے ایک تاجر کو یہاں کی ایک مقامی عدالت نے تین دن کی سزا سنائی۔ تفصیلات کے بموجب حیدرآباد اور سکندرآباد میں حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے تجارتی ادارہ جات بشمول ہوٹلیں، بار اینڈ ریسٹورنٹس اور دیگر شاپس کو رات ایک بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہے۔ لیکن کئی تاجرین  مقررہ وقت گذرنے کے باوجود دیر تک کاروبار جاری رکھتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی کررہے تھے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد کی ہدایت پر ویسٹ زون اور ساؤتھ زون میں مقررہ وقت سے زائد دیر تک دکانات کھلے رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے سلسلہ کا آغاز ہوچکا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتہ میں ساؤتھ زون میں200 تاجرین کو تعزیرات ہند کی دفعہ 188 ( سرکاری احکام کی خلاف ورزی) اور سٹی پولیس ایکٹ کی دفعہ 21/76 کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔

 

اسی طرح ویسٹ زون میں علاقہ پنجہ گٹہ میں اے ون ریسٹورنٹ سوماجی گوڑہ کے منیجر محمد عارف کے خلاف پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس ہوٹل کے منیجر نے مسلسل پانچ مرتبہ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس کو جرمانہ ادا کیا تھا۔ اسی طرح جوبلی ہلز پولیس نے بسم اللہ اسٹابلشمنٹ کے مالک نذیر کو قانون کی مسلسل خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پر 10ویں اسپیشل میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نے اسے تین دن کی سزا سنائی۔ ویسٹ زون پولیس نے تجارتی اداروں کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی کرنے کی غرض سے ایک موبائیل اپلیکیشن e-petty کیس متعارف کیا ہے جس کے ذریعہ بلیو کوالٹس اور پیٹرولنگ گاڑیاں قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹل مالکین اور دیگر شاپس کے ذمہ داران کی تصاویر لے کر شواہد کے طور پر اسے عدالت میں پیش کررہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ قانون کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کیلئے تمام پولیس عہدیداروں کو احکامات جاری کئے ہیں۔ رات دیر گئے تک دکانات کھلے رکھنے پر لاء اینڈ آرڈر کو خطرہ لاحق ہورہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT