Tuesday , August 14 2018
Home / کھیل کی خبریں / دوہیٹ ٹرکس کے بعد اسٹارک کی نظریں اب ایشز پر

دوہیٹ ٹرکس کے بعد اسٹارک کی نظریں اب ایشز پر

 

سڈنی۔8نومبر(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی فاسٹ بولر مچل اسٹارک فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک ہی میچ میں دو ہیٹ ٹرکس کر کے تاریخ رقم کرتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے آٹھویں باؤلر بن گئے۔انہوں نے شیفلڈ شیلڈ ٹورنمنٹ میں نیوساؤتھ ویلز کی نمائندگی کرتے ہوئے ویسٹرن آسٹریلیا کے خلاف چار روزہ میچ کی دونوں اننگز میں شاندار ہیٹ ٹرکس کر تے ہوئے ایک منفرد اعزازحاصل کیا ہے۔وہ گزشتہ 40 برسوں بعد ایک ہی فرسٹ کلاس میچ میں دو ہیٹ ٹرکس کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر یہ اعزازحاصل کرنے والے آسٹریلیا کے تیسرے اور دنیا کے آٹھویں بولر ہیں۔اس سے قبل آخری بار 79-1978 میں پاکستان کے امین لاخانی نے فرسٹ کلاس میچ میں دو ہیٹ ٹرکس کی تھیں۔اسٹارک کے علاوہ رولینڈ جنکنز، امین لاخانی، جمی میتھیوز، کلیری پارکر، جوگندر راؤ، الفریڈ شا اور البرٹ ٹروٹ کو بھی فرسٹ کلاس کرکٹ کے ایک ہی میچ میں دو ہیٹ ٹرکس کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔اسٹارک کی شاندار بولنگ اور اسٹیون اسمتھ کی سنچری کی بدولت نیوساؤتھ ویلز نے ویسٹرن آسٹریلیا کو چار روزہ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 171 رنز سے شکست دی۔سڈنی میں کھیلے گئے چار روزہ میچ کے آخری روز نیوساؤتھ ویلز نے 300 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے ویسٹرن آسٹریلیا کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 395 رنز کا ہدف دیا، کپتان اسٹیون اسمتھ نے شاندار سنچری بنائی اور 127 رنز بنا کر نمایاں رہے۔جواب میں ویسٹرن آسٹریلیا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں 223 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، شان مارش 91 اور 86 رنز بنانے والے بینکرافٹ کے سوا کوئی بھی کھلاڑی حریف بولروں کا مقابلہ نہ کر سکا۔اسٹارک نے دونوں اننگز میں ہیٹ ٹرک کرنے کے ساتھ ساتھ میچ میں مجموعی طور پر سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس شاندار کارکردگی کے بعد بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اسٹارک اب ایشز میں شاندار مظاہرے کے لئے پر عزم ہیں

 

TOPPOPULARRECENT