Wednesday , September 19 2018
Home / دنیا / دو فلسطینیوں کی شہادت، تحقیقات کرائی جائیں: عالمی برادری

دو فلسطینیوں کی شہادت، تحقیقات کرائی جائیں: عالمی برادری

تحقیقات اسرائیل خود شروع کرائے : امریکہ ۔ شفاف تحقیقات ضروری ہیں، اقوام متحدہ کا تاثر

تحقیقات اسرائیل خود شروع کرائے : امریکہ ۔ شفاف تحقیقات ضروری ہیں، اقوام متحدہ کا تاثر
واشنگٹن، 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ اور امریکہ نے الگ الگ مطالبہ کیا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی سرحدی پولیس کے ہاتھوں دو نوعمر فلسطینیوں کے قتل کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ یہ نوعمر فلسطینی جمعرات کو یوم نکبہ کے موقع پر نہتے مظاہرین پر اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے دوران شہید ہو گئے تھے۔ فلسطینی عوام گزشتہ 66 برسوں سے مسلسل ہر سال اسرائیل کے قیام کے خلاف احتجاج کرتے ہیں۔ ان دو بچوں کی جمعرات کو شہادت کے بارے میں فلسطینی بچوں کے تحفظ کیلئے سرگرم گروپ نے واقعے کی کلوز سرکٹ ٹی وی سے بنی فوٹیج پیش کی ہے۔ فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ دونوں نو عمر بچوں کو اسرائیلی سکیورٹی جوانوں نے بلا اشتعال نشانہ بنایا تھا۔ 20 سالہ مصعب نواراہ اور 17 سالہ محمد عودے شہادت کے بارے میں اس ٹی وی فوٹیج کو اسرائیلی حکومت نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اس واقعے کے بارے میں امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان جین پاسکی نے کہا ہے کہ’’ہم اسرائیل کے ساتھ رابطے میں اور تفصیل سے اس معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں، نیز متعلقہ ویڈیو کا بھی جائزہ لے رہے ہیں‘‘۔ انھوںنے کہا: ’’ہم اس کے علاوہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے دستیاب معلومات سے بھی استفادہ کر رہے ہیں تاکہ یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ طاقت کا استعمال ضرورت سے زیادہ تو نہیں کیا گیا‘‘۔ امریکی ترجمان نے کہا، ’’ہم چاہتے ہیں کہ اسرائیل اس حوالے سے فوری اور شفاف تحقیقات کرائے، اسرائیل کی اس سلسلے میں حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ خود تحقیقات شروع کرائے‘‘۔ اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سکریٹری جنرل آسکر فرنانڈس نے بھی دو نوجوانوں کے بہیمانہ قتل کی تحقیقات کرانے پر زور دیا ہے۔ اسسٹنٹ سکریٹری جنرل نے کہا ، ’’ یہ ایک سنگین معاملہ ہے، کیونکہ ابتدائی طور پر سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی نوجوان غیر مسلح تھے‘‘۔ انہوں نے اس واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT