Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / دو ہزار کی کرنسی نوٹ کی سعودی عرب میں عدم قبولیت

دو ہزار کی کرنسی نوٹ کی سعودی عرب میں عدم قبولیت

عازمین حج میں بے چینی، پروفیسر ایس اے شکور کی کسٹمس حکام سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 19۔ جولائی (سیاست نیوز) سعودی عرب میں 2000 روپئے کی نئی کرنسی نوٹ کو قبول نہ کرنے کے بارے میں سیاست کی جانب سے دی گئی اطلاع درست ثابت ہوئی اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کسٹمس حکام سے بات چیت کے بعد اس بات کی توثیق کی کہ سعودی عرب میں 2000 کی کرنسی نوٹ کو ریال میں تبدیل نہیں کیا جائے گا ۔ حکومت سعودی عرب نے یہ فیصلہ کیا ہے اور یہ فیصلہ صرف عازمین حج کیلئے محدود نہیں بلکہ کوئی بھی ہندوستانی شہری اگر 2000 کی نوٹ کے عوض ریال حاصل کرنا چاہے تو اسے حکومت سعودی عرب قبول نہیں کرے گی۔ سیاست میں خبر کی اشاعت کے بعد پروفیسر ایس اے شکور نے سنٹرل حج کمیٹی کے ڈپٹی سی ای او ظہیر الدین اور کسٹمس کے اعلیٰ عہدیداروں سے بات چیت کی۔ سنٹرل حج کمیٹی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی رہنمایانہ خطوط جاری نہیں کئے گئے۔ جب بھی حج کمیٹی کو اس سلسلہ میں ہدایت موصول ہوگی ، وہ عازمین حج کیلئے سرکولر جاری کردے گی ۔ دوسری طرف کسٹمس کے حکام نے بتایا کہ حکومت سعودی عرب نے گزشتہ سال بھی عازمین حج سے 1000 روپئے کی کرنسی نوٹ کو قبول نہیں کیا تھا ۔ جاریہ سال چونکہ ایک ہزار کی نوٹ منسوخ ہوچکی ہے ، لہذا 2000 کی نوٹ سعودی عرب میں قابل چلن نہیں ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی تکلیف سے بچنے کیلئے 100 اور 500 روپئے کے کرنسی نوٹ اپنے ساتھ رکھیں۔ حکومت سعودی عرب کے اس فیصلہ سے عازمین حج کو مستثنیٰ قرار دینے کیلئے ہندوستانی حکومت کو مداخلت کرنی ہوگی لیکن چونکہ یہ فیصلہ صرف عازمین حج کیلئے مخصوص نہیں ہے ، لہذا مرکزی حکومت بھی مداخلت نہیں کرے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ عازمین حج اپنے ساتھ 25,000 روپئے ہندوستانی کرنسی لیجا سکتے ہیں۔ یا پھر 5,000 امریکی ڈالر لے جانے کی اجازت رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 5000 امریکی ڈالر کے مماثل ریال بھی لے جائے جاسکتے ہیں۔ اس رقم کے علاوہ مزید 5,000 ریال لیجانے کی سہولت حاصل ہے ۔ لیکن اس رقم کے بارے میں ایرپورٹ پر کسٹم حکام کے پاس انٹری کرانی ہوگی اور اس کا حساب دینا ہوگا۔ واضح رہے کہ 2000 کرنسی نوٹ کی سعودی عرب نے عدم قبولیت کی اطلاع پر عازمین حج میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کئی عازمین حج نے حج کمیٹی سے ربط قائم کرتے ہوئے اس سلسلہ میں اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

TOPPOPULARRECENT