Saturday , December 15 2018

دکن ریڈیو سے ہندوستانی اور حیدرآبادی تہذیب و تمدن کی عکاسی

دفتر سیاست پر ممبئی کے طلبہ کی آمد ، جناب عامر علی خاں نیوزا یڈیٹر سیاست کا خطاب

دفتر سیاست پر ممبئی کے طلبہ کی آمد ، جناب عامر علی خاں نیوزا یڈیٹر سیاست کا خطاب
حیدرآباد ۔ 12 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ادارہ سیاست ایک اخبار ہی نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جس کے بیانر تلے مختلف سرگرمیاں انجام دے کر قوم اور سماج کی خدمات انجام دی جارہی ہیں ۔ جس کے باعث سینکڑوں طلبا وطالبات اور عوام اس سے استفادہ کررہے ہیں ۔ یہ خدمات مستقبل میں بھی بحسن و خوبی جاری رہیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کیا ۔ وہ آج یہاں اردو میڈیا ، ماس کمیونیکیشن ، روزنامہ سیاست اور دکن ریڈیو کی خدمات سے آگہی کے لیے خصوصی طور پر ممبئی کے رام نارائن لوہیا کالج کے شعبہ ماس میڈیا کے طلبہ کے ایک بڑے گروپ کی دفتر دکن ریڈیو پر آمد پر مخاطب تھے ۔ اس موقع پر جناب عامر علی خاں نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے ممبئی کے ہونہار طلبا و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے تابناک اور روشن مستقبل کے لیے کڑی محنت کریں اور ملک اور اپنے وطن کا نام روشن کریں ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست نے ادارہ سیاست کی جانب سے انجام دی جانے والی مختلف خدمات بشمول سماجی ، فلاحی ، تعلیمی ، دینی خدمات کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ ادارہ سیاست میں محبوب حسین جگر کیرئیر گائیڈنس سیل قائم ہے ۔ جہاں سے کیرئیر کے انتخاب اور تعلیم پر طلبہ کو رہبری اور رہنمائی کی جاتی ہے ۔ عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے تحت اردو امتحانات ، اردو دانی ، زبان دانی اور اردو انشاء کے امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے ۔ ایم ڈی ایف کے تحت رشتوں کے انتخاب کے لیے دوبدو پروگرام رکھا جاتا ہے ۔ جب کہ سیاست ملت فنڈ کے ذریعہ مستحق خواتین اور طلبہ میں مالی امداد کی جاتی ہے ۔ یہی نہیں بلکہ تہذیبی اور تمدنی سرگرمیوں کے ذریعہ قوم میں شعور بیدار کیا جاتا ہے ۔ جس کا مقصد عوام کو بروقت رہنمائی اور رہبری ہوسکے ۔ جناب عامر علی خاں نے اخبار کی اشاعت کے مرحلہ اور الیکٹرانکس میڈیا کے درمیان تقابلی جائزہ سے بھی واقف کروایا اور کہا کہ ماس میڈیا اور کمیونیکیشن میں پرنٹ میڈیا ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے جب کہ الیکٹرانک میڈیا میں وسعت کے باوجود پرنٹ میڈیا کی اہمیت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی ایس آر کے تحت کمیونٹی سرویس کے لیے سیاست زندگی کے تقریبا 42 مختلف شعبہ حیات میں خدمات انجام دے رہا ہے اور آئندہ بھی جاری رکھنے کا عزم کیا ۔ جناب عامر علی خاں نے ممبئی سے حیدرآباد تک تعلیمی سفر پر آنے والے ان طلبا و طالبات کو ان کے بہتر مستقبل کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ انہوں نے طلبہ کے میڈیا پر پوچھے گئے مختلف سوالات کے تشفی اور اطمینان بخش جوابات بھی دئیے ۔ قبل ازیں مسٹر زاہد فاروقی نے دکن ریڈیو سے متعلق واقف کروایا کہ کمیونٹی ریڈیو اور کمرشیل ریڈیو میں کیا فرق ہے ۔ کمیونٹی ریڈیو کے ضمن میں دکن ریڈیو ہندوستانی اور حیدرآبادی تہذیب و تمدن کو پیش کررہا ہے ۔ اس موقع پر مسرس محمد منیر ، یاسمین ، حناء ، صفا ، فہیم انصاری اور صفورہ اور دیگر نے پروگرام کے کامیاب انعقاد میں معاونت کیا ۔ آخر میں ممبئی کے طلبہ نے ادارہ سیاست کے دورہ پر خوشنودی کا اظہار کیا اور مستقبل میں بھی حیدرآباد کے دورہ کے موقع پر دفتر سیاست کا دورہ کرنے کا عزم کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT